کورونا بحران میں سعودی شہریوں کی دبئی میں سرمایہ کاری

   

دبئی ۔کورونا بحران کے باوجود سعودی شہریوں کی جانب سے دبئی میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق دبئی میں غیر منقولہ جائیداد کے محکمے نے کہا ہے کہ سال رواں کے دوران سعودی شہریوں نے دو بلین درہم کی املاک خریدی ہیں۔مذکورہ عرصے کے دوران 1004 سعودی سرمایہ کاروں کے 1466 املاک خریدنے کی توثیق ہوئی ہے۔ محکمے نے کہا ہے کہ کورونا بحران کے دوران جہاں دنیا بھرکی سرمایہ کاری اور معیشت متاثر ہوئی ہے وہاں سعودی شہریوں نے دبئی میں مزید سرمایہ کاری کر کے ریاست کی مستحکم معیشت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ سعودی سرمایہ کارکو یقین ہے کہ دبئی میں اس کی خریدی جانے والی املاک سے منافع ہوگا نیز وہ ریاست میں سرمایہ کاروں کو پیش کی جانے والی سہولتوں سے مطمئن ہے۔محکمے نے امید ظاہر کی ہے کہ دبئی میں سرمایہ کاری کے لیے جن نئی سہولتوں کا اعلان کیا گیا ہے اس کے باعث مزید سعودی شہری یہاں سرمایہ کاری کریں گے۔