کورونا : راجستھان کے 12 شہروں میں نائٹ کرفیو

   

جئے پور:راجستھان کے 12 شہروں میں نائٹ کرفیو نافذکردیا گیا ہے جبکہ کنٹینمنٹ زون میں 31 دسمبر تک لاک ڈاون رہے گا ۔ کورونا وائرس وبا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے راجستھان حکومت نے یکم دسمبر سے 31 دسمبر تک کوٹہ، جے پور، جودھپور، بیکانیر، ادے پور، اجمیر، بھیل واڑہ، ناگور، پالی، ٹونک، سیکر اور گنگا نگر کے شہری علاقوں میں رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک نائٹ کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ شام کو 7 بجے تک بازار، کام کرنے کے مقامات اور تجارتی ادارے بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 31 دسمبر 2020 تک کنٹینمنٹ زون میں لاک ڈاون نافذ رہے گا۔ صرف ضروری سرگرمیوں کی ہی اجازت دی جائیگی۔ حکومت کے ذریعہ تشکیل کی گئی ٹیموں کے ذریعہ گھر گھر نگرانی کی جائے گی۔ راجستھان حکومت کے احکامات کے مطابق، ریاست میں اسکول، کالج، تعلیمی ادارے اور کوچنگ سنٹر 31 ڈسمبر تک طلبا کے لئے بند رہیں گے۔ سنیما ہال، ملٹی پلیکس اور اس طرح کے بھیڑ بھاڑ والے مقامات بند رہیں گے۔ سماجی، سیاسی، کھیل، تہذیبی وثقافتی اور مذہبی مقامات اور بڑے انعقاد 31 دسمبر تک نہیں ہوں گے۔ راجستھان میں کورونا وائرس انفیکشن کے اتوار کو 2,581 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس سے اب تک ریاست میں متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر2,65,386 ہوگئی ہے۔