کورونا سے فوت ہونے والوں کے پسماندگان کو10 لاکھ ایکس گریشیا کا مطالبہ

   

اپوزیشن قائدین کی چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات، لاک ڈاؤن کے متاثرین کیلئے 5ہزار روپئے امداد کی تجویز
حیدرآباد۔/30 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی اپوزیشن جماعتوں نے ریاست میں کورونا وائرس سے فوت ہونے والے افراد کے پسماندگان کو حکومت کی جانب سے ایکس گریشیا کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی قیادت میں تلگودیشم، سی پی آئی، تلنگانہ جنا سمیتی اور تلنگانہ انٹی پارٹی قائدین نے چیف سکریٹری سومیش کمار سے آج ملاقات کی اور یادداشت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کورونا لاک ڈاؤن کے متاثرین کی امداد میں ناکام ہوچکی ہے۔ چیف سکریٹری کو مطالبات پر مبنی یادداشت حوالے کرتے ہوئے غریب خاندانوں کی امداد میں اضافہ اور غیر مقامی ورکرس کے تحفظ کیلئے شیلٹرس کے قیام کا مطالبہ کیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چاول اور امدادی رقم ناکافی ہے۔ 12 کیلو چاول اور 15 سو روپئے کے بجائے ہر غریب خاندان کو 5 ہزار روپئے کی امداد فراہم کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے 12 کیلو موٹے چاول کے بجائے باریک چاول سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ کی رفتار انتہائی سُست ہے جس کے نتیجہ میں متاثرین کی حقیقی تعداد کا علم نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے کورونا ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا اورکہا کہ آندھرا پردیش میں 80 ہزار ٹسٹ کئے گئے جبکہ تلنگانہ میں ٹسٹ کی تعداد انتہائی کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف سکریٹری نے وفد کو تیقن دیا کہ مرکز سے چاول کا کوٹہ ملتے ہی اسے غریب خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری سے ملاقات کے موقع پر صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا ، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام اور صدر تلنگانہ انٹی پارٹی سی ایچ سدھاکر موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کورونا ٹسٹ کی تعداد میں کمی کے نتیجہ میں حکومت مریضوں کی تعداد میں کمی کا دعویٰ کررہی ہے۔ تلنگانہ میں محض 19 ہزار ٹسٹ کئے گئے۔ اپوزیشن قائدین نے کورونا سے فوت ہونے والے افراد کے پسماندگان کو 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفید راشن کارڈ کی شرط کے بغیر ہر غریب خاندان کو 5 ہزار روپئے کی امداد فراہم کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کی پیداواری اشیاء کی خریدی کے سلسلہ میں حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔ ایل رمنا نے کسانوں کے تحفظ میں حکومت پر ناکامی اور غیر مقامی ورکرس کی مدد میں سرد مہری کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹو اور کیاب ڈرائیورس روزگار سے محروم ہوچکے ہیں لہذا انہیں معاشی امداد فراہم کی جائے۔ اپوزیشن کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے رمنا نے کہا کہ چیف منسٹر کُل جماعتی اجلاس طلب کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ صرف کے سی آر خاندان سے عوامی مسائل کی یکسوئی نہیں ہوگی۔ سی پی آئی کے چاڈا وینکٹ ریڈی نے غیر منظم شعبہ کے ورکرس کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ پروفیسر کودنڈا رام نے غریب خاندانوں کو آئندہ دو مہینوں تک چاول اور امدادی رقم فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے سبب غریب اور متوسط طبقات کی پریشانیوں کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے یادداشت میں پیش کئے گئے اُمور پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔