پولیس کمشنر سی وی آنند کی عوام سے ورچول ملاقاتیں۔ پولیس اسٹیشنوں کے باہر شامیانے
حیدرآباد۔/18 جنوری (ایس ایم بلال )کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے نتیجہ میں پولیس ملازمین بھی متاثر ہورہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سٹی پولیس کے مختلف شعبوں اور پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ 72 پولیس ملازمین کورونا متاثر ہوئے ہیں۔کورونا و اومی کرون کے بڑھتے کیسوں کے پیش نظر پولیس کمشنر سی وی آنند درخواست گذاروں سے راست ملاقات کی بجائے ورچول تفصیلات حاصل کرکے یکسوئی کر رہے ہیں۔ دفتر پولیس کمشنر میں رسپشن کاؤنٹر کے عقبی حصہ میں ورچول سنٹر قائم کیا گیا جہاں سے درخواست گذار بذریعہ ویڈیو کانفرنس پولیس کمشنر کو مسائل سے آگاہ کررہے ہیں ۔ ان سے تفصیلات حاصل کرنے کے بعد کمشنر متعلقہ عہدیداروں کو یکسوئی کیلئے احکامات جاری کررہے ہیں۔ سی سی ایس ، سائبر کرائم پولیس اسٹیشن اور پرانے شہر کے پولیس اسٹیشنوں میں اندرون دو یوم 20 سے زائد پولیس ملازمین کورونا متاثر ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سائبر کرائم پولیس کی ایک ٹیم آن لائن دھوکہ بازوں کی گرفتاری کیلئے راجستھان گئی تھی اور واپسی کے فوری بعد ہی ایک سب انسپکٹر اور ٹیم کے ارکان کورونا پازیٹیو پائے گئے۔ کچھ ہی دنوں میں دیگر ملازمین بھی اس کی زد میں آگئے۔ شہر کے علاوہ سائبر آباد کمشنریٹ نارسنگی پولیس اسٹیشن سے وابستہ 20 ملازمین بیک وقت پازیٹیو پائے جانے پر حکام میں ہلچل مچ گئی ہے۔ تیزی سے بڑھتے کورونا کے پیش نظر بعض پولیس اسٹیشنوں میں درخواست گذاروں کے داخلہ پر پابندی عائد کردی گئی اور پولیس اسٹیشن کے باہر شامیانے نصب کئے گئے جہاں درخواست گذاروں کی سہولت کیلئے پولیس اہلکار خود عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ اسی طرح حیات نگر پولیس سے وابستہ 15 ملازمین بشمول سب انسپکٹر ، کانسٹبلس اور دیگر اسٹاف بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ڈی جی پی دفتر میں ملازمت کرنے والا اسٹاف بھی کورونا متاثر ہونے کی اطلاع ہے۔