کورونا مریضوں میں روزانہ تقریباً 10,000کا اضافہ

,

   

ہندوستان میں کورونا کے مجموعی کیس زائد از 2.6 لاکھ ، 75 روزہ لاک ڈاؤن سے نکلنے کے بعد کووڈ معاملوں میں تیزی
نئی دہلی ۔ 9 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں لگاتار 7 ویں روز کووڈ۔19 کیسوں میں ریکارڈ اضافہ نے مجموعی تعداد کو آج زائد از 2.6 لاکھ تک پہنچادیا جبکہ کورونا وائرس کیسوں میں روزانہ ملک گیر اضافہ تقریباً 10,000 ہوچکا ہے۔ کورونا کے معاملوں میں تیزی اس وقت سے دیکھنے میں آرہی ہے جب ملک کو 75 روزہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن سے نکالا گیا اور گزشتہ روز سے ملک کے کئی حصوں میں بعض پابندیوں کے ساتھ شاپنگ مالس ، عبادت گاہوں اور دفاتر کو کھول دیا گیا ہے ۔ جون کی شروعات سے ملک میں زائد از 200 کورونا اموات ہر روز درج کی گئی ہے جس کے ساتھ ملک میں کورونا کے سبب جانی نقصان 7,466 تک پہنچ چکا ہے۔ ہندوستان عالمی وباء سے متاثرہ اقوام میں امریکہ ، برازیل ، روس اور برطانیہ کے بعد پانچویں نمبر ہے ۔ کئی ریاستوں جیسے ہریانہ ، جموں و کشمیر ، آسام ، کرناٹک ، چھتیس گڑھ اور تریپورہ و دیگر میں کورونا کیسوں میں تیزی نظر آرہی ہے ۔ مرکزی وزارت صحت کے ڈیٹا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں جملہ 266 اموات ہوئی ہیں اور 9,987 کیس درج ہوئے ہیں۔ ملک میں لگاتار چھٹے روز زائد از 9,000 کووڈ کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں جس سے ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2,66,598 ہوگئی ۔ وزارت کے مطابق کورونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 1,29,917 ہے جبکہ 1,29,214 مریض شفاء یاب ہوچکے ہیں۔ اس طرح 48.47 فیصد مریض ابھی تک روبہ صحت ہوچکے ہیں۔ آئی سی ایم آر کے مطابق منگل کی صبح تک مجموعی طور پر 49,16,116 نمونوں کا ٹسٹ کیا جاچکا جن میں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1,41,682 سیمپلس کی جانچ ہوئی ہے۔