کورونا مریض طبی سہولتوں اور علاج سے مطمئن

,

   

محمد محمود علی اور سرینواس یادو کانمس اور چیسٹ ہاسپٹل کا دورہ، مریضوں سے بات چیت

حیدرآباد: ریاستی وزراء محمد محمود علی اور ٹی سرینواس یادو نے شہر حیدرآباد کے نمس اور چیسٹ ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے کورونا کے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں حوصلہ دیا ۔ ہاسپٹل کی طبی امداد کے بارے میں معلومات حاصل کی اور اپنی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال کر مریضوں کی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی ستائش کی ۔ ڈاکٹرس سے علحدہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہاسپٹلس میں بیڈس کی دستیابی ، آکسیجن اور ادویات کی فراہمی کے علاوہ دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ نمس ہاسپٹل میں کورونا کے 250 مریض زیر علاج ہیں۔ ضرورت کے مطابق بیڈس کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ نمس کے ڈائرکٹر منوہر نے وزراء کو بتایا کہ کورونا سے متاثر ہوکر 1375 افراد نمس ہاسپٹل سے رجوع ہوئے جن میں اب صرف 127 افراد زیر علاج ہیں۔ 1000 افراد صحتیاب ہوکر ڈسچارج ہوئے ہیں۔ چیسٹ ہاسپٹل ایرہ گڈہ میں فی الحال کورونا کے 17 مریض زیر علاج ہیں ۔ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ محبوب خان نے ہاسپٹل میں کورونا متاثرین کے علاج پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ہاسپٹل میں سٹی اسکیان اور الٹرا ساؤنڈ کی ضرورت ہے ۔ وزراء نے اس کی فراہمی کیلئے چیف منسٹر سے نمائندگی کرنے کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر دونوں وزراء نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانہ پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ہاسپٹلس میں طبی امداد سے مریض پوری طرح مطمئن ہیں۔ کورونا پر قابو پانے کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ کورونا کے کیس میں بڑی حد تک کمی آئی ہے۔ شہر حیدرآباد کے 94 مراکز سے تاحال 9.10 لاکھ افراد کو کورونا سے بچاؤکا ٹیکہ دیا گیا ہے جس میں 5.91 لاکھ افراد کو پہلا ڈوز دیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر آج سے دوسرے ڈوز کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ ریاستی وزراء محمد محمود علی اور ٹی سرینواس یادو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کی عمل آوری میں حکومت سے مکمل تعاون کریں۔ صبح 10 بجے کے بعد کوئی گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ضروری کام ہو تو ماسک لگاکر گھر سے نکلے اور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں۔ لاک ڈاؤن کے پیش نظر گریٹر حیدرآباد میں 250 مراکز سے روزانہ 40 ہزار افراد کو انا پورنا کینٹین سے مفت غذا فراہمی کی جارہی ہے ۔ پہلے مرحلہ میں شہر کے 19 لاکھ مکانات میں فیور سروے مکمل کیا گیا ہے ۔ آئندہ دو دن میں دوسرے مرحلہ کے فیور سروے کا آغاز کیا جائے گا۔