کورونا وائرس، چین میں ہلاکتوں کی تعداد 811 ہو گئی

,

   

بیجنگ،9فروری(سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس سے چین میں ہلاک شدگان کی تعداد 811 ہوگئی، چین میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد سارس وائرس سے دنیا بھر میں ہوئی اموات سے بڑھ گئی ہے ۔کورونا وائرس سے چین میں متاثر افراد کی تعداد 36 ہزار 693 ہو گئی ہے ، یہ بیماری شہر ووہان میں دسمبر میں پھیلی تھی جس کے بعد اس نے چین کے مختلف حصوں اور دنیا کے 2 درجن سے زائد ممالک کو بھی متاثر کیا ہے ۔2002 اور 2003 کے درمیان سارس بیماری کے 774 افراد ہلاک اور آٹھ ہزار ایک سو بیمار ہوئے تھے ۔ یہ صورت حال آٹھ ماہ کے دوران چھبیس ملکوں میں پیش آئی تھی جس میں 45 فیصد اموات چین میں ہوئی تھیں۔کورونا سے صرف صوبہ ہوبئ میں 780 افراد ہلاک اور 27 ہزار 100 بیمار ہوئے ہیں تاہم ہوبئی میں نئے کیسز کی تعداد میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے ۔ آج صرف دو ہزار ایک سوسنتالیس کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سب سے کم ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے امکان ظاہر کیا ہے کہ خطے میں کورونا وائرس کی صورتحال اب مستحکم ہونا شروع ہوگئی ہے تاہم سنگاپور میں مزید 7 کیسز رپورٹ ہونے سے وہاں تعداد 46 ہوگئی ہے جبکہ فرانس کی پہاڑی مقام میں چھٹیاں گزارنے والے 5 برطانوی شہری بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔