کورونا وائرس معائینوں کیلئے مزید تین لیابس کی اجازت

   

حیدرآباد ۔ /11 مارچ (پی ٹی آئی) ریاستی وزیر صحت ای راجیندر نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کا واحد مریض تیزی سے صحتیاب ہور ہا ہے ۔ جس کو جلد ڈسچارج کردیا جائے گا ۔ ریاست میں کورونا وائرس کا کوئی تازہ کیس نہیں ہے ۔ راجیندر نے جو اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مریض کی حالت بہتر ہے اور وہ بہت جلد اپنے گھر واپس ہوجائے گا ۔ اگر کسی کامعائنہ مثبت بھی پایا جاتا ہے تو عوام کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہئیے کیونکہ حکومت انہیں مکمل علاج فراہم کریگی ۔

مرکز نے کاکتیہ میڈیکل کالج (ایم جی ایم ہاسپٹل) ورنگل ، انسٹی ٹیوٹ آف پریونٹیو میڈیسن (آئی پی ایم) اور حیدرآباد کے فیور ہاسپٹل میں معائنوں کے مزید تین لیابس کھولنے کی اجازت دی ہے ۔ ان کے علاوہ حیدرآباد کے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل اور گاندھی ہاسپٹل میں بھی دیگر دو لیابس قائم کئے جارہے ہیں ۔ یہ تمام پانچ لیابس آئندہ چار پانچ دن میں کارکردگی ہوجائیں گے ۔