کورونا وائرس کیس 1.53 لاکھ سے آگے

   

نئی دہلی ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی کوروناوائرس مریضوں کی مجموعی تعداد چہارشنبہ کو 1.53 لاکھ سے آگے بڑھ گئی جبکہ مختلف ریاستوں میں زائد از 6 ہزار نئے کیسوں کا پتہ چلا ہے لیکن حکومت کا کہنا ہیکہ صحت یابی کی طرح بہتر ہوکر 42 فیصد کو تجاوز کرگئی ہے۔ اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے بتایا کہ مہلک کوویڈ۔19 سے اب تک ایک لاکھ 53 ہزار ہندوستانی طبی جانچ میں مثبت پائے گئے ہیں اور کم از کم 4466 مریضوں نے اپنی جان گنوائی ہے۔ تاہم 66,750 مریض روبہ صحت ہوئے ہیں جو تقریباً 42.45 فیصد شرح ہوتی ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں کورونام مریضوں کی تعداد میں پھر ایک بار بڑا اضافہ ہوا ہے۔ 792 تازہ کیسوں کے ساتھ دہلی کے کورونامریضوں کی تعداد 15,257 ہوگئی ہے۔ ایک دن میں دہلی میں یہ سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ دہلی میں کورونااموات بڑھ کر 303 ہوگئی ۔ ٹاملناڈو میں بھی ایک دن میں سب سے زیادہ 817 نئے کیس سامنے آئے۔ بدترین متاثرہ ریاست مہاراشٹرا میں ریکارڈ 105 اموات اور 2190 نئے کیس درج ہوئے ہیں۔