کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں

   

گرمائی تعطیلات میں سیر و تفریح کے بعد واپس ہونے والوں میں وائرس کی نشاندہی
حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) کوروناو ائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ مریضوں میں پائی جانے والی کورونا وائرس کی قسم اس قدر خطرناک نہیں ہے جس کے سبب اعضائے رئیسہ متاثرہوں یا انہیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔ ماہر اطباء کے مطابق ملک کی جن ریاستوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ان ریاستوں کے شہروں میں پائے جانے والے وائرس کی قسم کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق ملک بھر میں 17اضلاع ایسے ہیں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہے اور ان اضلاع میں شہریوں کی آمد رفت پر کسی قسم کی پابندی نہ ہونے اور گرمائی تعطیلات کی وجہ سے مختلف شہروں میں سیاحوں کی آمد رفت میں ہونے والے اضافہ کے سبب کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہاہے۔ ملک بھر میں آمدو رفت کے علاوہ کسی بھی طرح کے سفر پر کوئی تحدیدات نہیں ہیں جس کی وجہ سے گرمائی تعطیلات کے دوران آزادانہ تفریح کا سلسلہ جاری تھا اور اب جبکہ شہری اپنے اپنے مقاما ت کو پہنچ چکے ہیں تو ان میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے لگی ہیں اور ان علامات کے ساتھ جو معائنہ کئے جا رہے ہیں ان میں مریضوں کے کورونا سے متاثر ہونے کی توثیق کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کے سبب کسی بھی طرح کی سنگین صورتحال نہ ہونے اور مریضوں کو تکالیف نہ ہونے کے سبب محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے عوام کو احتیاط کرنے کا مشورہ دیا جا رہاہے اور کہاجارہا ہے کہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے احتیاطی اقدامات کافی ہیں جن کے ذریعہ وہ کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ماہرین وبائی امراض کے مطابق کوئی بھی وباء فوری اثر کے ساتھ ختم نہیں ہوتی بلکہ بتدریج اس کا خاتمہ ہوتا ہے اور وائرس کے ختم ہونے کے دوران وہ کمزور ہوتا جا تا ہے یہی صورتحال کورونا وائرس کی ہے جو اب بتدریج کمزور ہونے لگا ہے۔ م