کراچی ۔ پاکستان سوپر لیگ کا رواں اور چھٹا ایڈیشن ملتوی کردیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سمیع الحسن برنی نے میڈیا کو پی ایس ایل ملتوی کرنے کی تصدیق کی ہے۔ جمعرات کو پی سی بی اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان منعقدہ ورچوئل اجلاس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سوپر لیگ 6 کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ لیگ میں سات کورونا معاملات سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق پی سی بی اب فوری طور پر تمام چھ ٹیموں کے شرکاکی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لئے اقدامات کرے گا۔کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد پریس کانفرنس میں مزید تفصیلات سے آگاہ کیا۔قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین مزید کھلاڑیوں کے کورونا ٹسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں اب تک 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں 20 میچز ابھی کھیلے جانے تھے۔پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ کرنے سے قبل آرگنائزنگ کمیٹی نے تمام ٹیموں کے مالکان اور ان کی منیجمنٹ کے ساتھ ورچوئل اجلاس میں طویل مشاورت کی۔جمعرات کی صبح کراچی کنگز کے آل راؤنڈر ڈین کرسٹین نے پی ایس ایل 6 کے باقی میچوں سے دستبرداری کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آسٹریلیا واپس جا رہے ہیں۔پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں چھ ٹیمیں شامل ہیں اور پہلے مرحلے کے تمام میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تھے۔لیگ کے دوسرے مرحلے کے میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے تھے۔