کورونا کو امریکی افواہ بتانے والا وائرس سے ہلاک

   

قاہرہ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سیاحت کے شعبے سے وابستہ ایک مصری کی کورونا وائرس نے جان لے لی جس نے فیس بک پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کورونا وائرس کو چین کیخلاف امریکی سازش اور جھوٹ کاپلندہ قرار دیا تھا۔محمد واحدان نامی اس شخص نے بہر حال مرنے سے پہلے توبہ کرتے ہوئے ایک اور ویڈیو پوسٹ کی جس میں اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ وہ گھروں میں رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔چند ماہ قبل اپنی پہلی پوسٹ میں اس نے کہا تھا کہ امریکہ نے چین کی معیشت کو برباد کرنے کی سازش کے تحت وائرس کی افواہ پھیلائی ہے ۔ اس پر توجہ نہ دی جائے اور مصری عوام نہ تو معمولات زندگی میں کوئی تبدیلی لائیں اور نہ ہی ذخیرہ اندوزی کریں۔کچھ روز بعد جب اس شخص کی طبیعت خراب ہونی شروع ہوئی اور پھر وائرس کی تشخیص بھی ہو گئی تو اسے مصر کے ایک اسپتال میں قرنطینہ میں ڈال دیا گیا۔