کورونا کی اصل تحقیقات کیلئے چین کی مدد ناگزیر:ڈبلیو ایچ او

   

لندن : ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اڈنوم گیبریئس نے چین سے کورونا وائرس کی اصل کی تحقیقات میں تعاون کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔وال اسٹریٹ جرنل نے جی-7 سربراہی اجلاس کے بعد ڈاکٹر ٹیڈروس کے حوالے سے بتایا ہے کہ “جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہمیں چین کی طرف سے تعاون کی ضرورت ہوگی۔ ہمیں اس وائرس کی اصلیت کو سمجھنے ، جاننے یا اس کا پتہ لگانے کے لئے شفافیت کی ضرورت ہے ۔ رپورٹ کے اجراء کے بعد اعداد و شمار کا اشتراک کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ “ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایاکہ جی-7 رہنماؤں نے ہفتہ کو وبائی امراض کی وجوہات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور کووڈ- 19 کے وجود کی تحقیقات کے اگلے مرحلے کی تیاری جاری ہے ۔ ڈاکٹر ٹیڈروس نے بتایا کہ چین سے مزید تعاون اور شفافیت کی توقع ہے ۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے حال ہی میں امریکی انٹیلی جنس کو حکم دیا ہے کہ وہ کوروناوائرس کی ابتداء پر دوبارہ جائزہ لینے کے لئے ایک رپورٹ تیار کرے اور اس بات کا تعین کرنے میں مدد کرے کہ یہ بیماری کسی تجربہ گاہ سے لیک ہوئی ہے یا کسی متاثرہ جانور سے انسان میں پھیلی ہے ۔ تاہم ، چین لیبارٹری سے وائرس کے لیک ہونے کے نظریہ کو ایک سازش قرار دے رہا ہے ۔دریں اثناء دنیا بھر میں کورونا وائرس(کووڈ ۔19) کا قہرجاری ہے اور اب تک 17.55 کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہوچکے ہیں۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا کے 192 ممالک اور خطوں میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 17 کروڑ 55 لاکھ 76 ہزار 119 ہوگئی ہے جبکہ 37 لاکھ 91 ہزار 676 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ دنیا میں عالمی طاقت تصور کئے جانے والے امریکہ میں کورونا وائرس کی رفتار کچھ دھیمی پڑی ہے ۔ یہاں کورونا متاثرین کی تعداد تین کروڑ 34 لاکھ 57 ہزار 378 ہوگئی ہے اوراس وبا سے 5،99،664 لاکھ سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا میں کورونا متاثرین کے معاملے میں ہندوستان دوسرے اورہلاکتوں کے معاملے میں تیسرے نمبر پر ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 80،834 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ 94 لاکھ 39 ہزار 989 ہوگئی۔ اس دوران ایک لاکھ 32 ہزار 62 مریض صحتیاب ہوئے ہیں ، جس سے اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد دو کروڑ 80 لاکھ 43 ہزار 446 ہو گئی ہے ۔ ایکٹو کیسز 54،531 کم ہو کر اب 10 لاکھ 26 ہزار 159 ہو گئے ہیں ۔ اس دوران 3303 مریضوں ہلاکت سے ملک میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد تین لاکھ 70 ہزار 384 ہوگئی ہے ۔متاثرہ افراد کے معاملے میں برازیل اب تیسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں ایک بار پھرکورونا انفیکشن کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور اب تک اس وبا سے 1.73 کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔