کورونا کی شدت میں اضافہ ۔ ایک دن میں 1213 نئے پازیٹیو کیس

,

   

گریٹر حیدرآباد میں 998 مریض ۔ 8 اموات ۔ چیف منسٹر کیمپ آفس پرگتی بھون کے تین ملازم بھی متاثر
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کی شدت میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور آج ایک دن میں اب تک کے سب سے زیادہ 1213 پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ گریٹر حیدرآباد میں بھی اب تک کے ریکارڈ 998 پازیٹیو کیس ایک دن میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج جملہ 5,356 کورونا معائنے کئے گئے ہیںجن میں 4,143 نیگٹیو رہے ہیں جبکہ 1,213 پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں اب تک کے سب سے زیادہ یعنی 998 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ رنگا ریڈی ضلع سے 48 ‘ میڑچل سے 54 کھمم سے 18 اور ورنگل رورل سے 10 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ سنگاریڈی سے سات ‘ کریمنگر سے پانچ ‘ محبوب نگر سے سات گدوال سے ایک ‘ سوریہ پیٹ سے چار ‘ نلگنڈہ سے 8 کاماریڈی سے دو ‘ سدی پیٹ سے ایک ‘ ملگ سے چار ‘ جگتیال سے چار ‘ محبوب آباد سے پانچ ‘ نرمل سے چار ‘ میدک ‘ یادادری ‘ ناگرکرنول اور وقار آباد سے ایک ایک ‘ نظام آباد سے 5 ورنگل اربن سے 9 راجنا سرسلہ سے 6 بھدرادری کتہ گوڑم سے 7 اور نارائن پیٹ سے دو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج کورونا سے جملہ 8 اموات ہوئی ہیں جن کے نتیجہ میں اب تک مرنے والوں کی تعداد 275 ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ آج 1,213 تازہ کیسوں کے بعد جملہ مریضوں کی تعداد بھی 18,570 ہوگئی ہے ۔ آج ایک دن میں جملہ 987 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے جس سے اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9,069 ہوگئی ہے جبکہ مزید 9,226 مریض مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ حکومت نے اپنے بلیٹن میں کہا ہے کہ اکثر یہ دیکھاجارہا ہے کہ بازاروں میں سڑکوں پر ہر طرف ہجوم ہے ۔ لوگ ساری ریاست میں اور بیرون ریاست بھی سفر کر رہے ہیں اور کسی طرح کی احتیاط نہیں کر رہے ہیں جس کے نتیجہ میں کورونا کیسوں میںاضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ عوام کو انتہائی شدید ضرورت پر ہی گھروں سے نکلنا چاہئے اور وہ بھی پوری احتیاط کے ساتھ ۔ آج جو نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ان میں چیف منسٹر کیمپ آفس پرگتی بھون کے تین ملازمین بھی شامل ہیں۔