کورونا کی پرانی اموات نئی فہرست میں شامل ۔ ملک بھر میں بے چینی

   

مہاراشٹرا میں 24 دن کے دوران 11,617 اور بہار میں دو ماہ کے دوران 4 ہزار اموات کا انکشاف
حیدرآباد : کورونا اموات کی تعداد میں تبدیلیاں آرہی ہیں۔ پرانی اموات نئی فہرست میں شامل ہورہی ہیں۔ بہار میں دو ماہ قبل ہوئی 4 ہزار اموات کو کورونا اموات کی نئی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ مہاراشٹرا میں گذشتہ 24 دن (17 مئی تا 10 جون) تک 11,617 اموات کو نئی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ترمیمی اموات کا مطلب یہ ہیکہ حقیقت میں یہ اموات کورونا سے ہوئی تھی۔ تاہم مختلف وجوہات سے انہیں کورونا اموات کی فہرست میں شمار نہیں کیا گیا تھا۔ یہ عمل کوئی نیا نہیں ہے۔ گذشتہ سال بھی ملک کے مختلف ریاستوں دہلی، مہاراشٹرا، ٹاملناڈو کے علاوہ کئی ریاستوں نے کورونا اموات کی فہرست میں ترمیم کی تھی۔ تاہم تب اتنے بھاری تعداد میں کورونا کیسیس اور اموات درج نہیں ہوئے تھے جس کی وجہ سے اموات اور ترمیمی اموات کی فہرست میں زیادہ فرق نہیں تھا جس کی وجہ سے میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا وہ موضوع بحث نہیں بنے تھے۔ تاہم اس مرتبہ مہاراشٹرا، دہلی، بہار کے علاوہ دوسری ریاستوں میں کیسیس کی شرح بھی زیادہ تھی۔ اسی تعداد میں شرح اموات میں اضافہ ہوا تھا۔ اب ان اموات کی حقائق منظرعام پر آرہی ہے۔ مہاراشٹرا میں یکم ؍ مئی سے ایسی اموات کو نئی فہرست میں شامل کیا جارہا ہے۔ جمعرات کے دن سب سے زیادہ 1522 پرانی اموات کو نئی اموات کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ اس طرح بہار میں بھی جمعرات کو ایک ہی دن میں 3971 اموات کو نئی اموات کی فہرست میں شمار کیا گیا جس کے بعد سارے ملک کی نظریں ان ترمیمی اموات کی فہرست پر مرکوز ہوگئی ہیں۔ ترمیمی ا موات کے ساتھ ریاست مہاراشٹرا میں کورونا اموات ایک لاکھ سے متجاوز ہوگئی۔ کئی ریاستیں اموات کی فہرست میں ترمیم کررہی ہیں۔ کئی ریاستیں نہیں کررہی ہیں یہ مسئلہ اب سارے ملک میں موضوع بحث بن چکا ہے کیونکہ ملک کی کئی ریاستوں پر کورونا کی اموات کو چھپانے کے الزامات ہیں۔