ایوان کے وسط میں احتجاج پر اعتراض
حیدرآباد ۔21۔ڈسمبر (سیاست نیوز) اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے بی آر ایس کے ارکان جی ویویکانند اور کوشک ریڈی کو انتباہ دیا کہ وہ ایوان کے وقار کے خلاف نشستوں سے اٹھ کر ایوان کے وسط میں آنے سے گریز کریں۔ برقی صورتحال پر مباحث کے دوران کوشک ریڈی اور ویویکانند دو علحدہ مواقع پر احتجاج کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے۔ اسمبلی قواعد کے مطابق جو رکن ایوان کے وسط میں پہنچتا ہے ، اس کے خلاف معطلی کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ وزیر امور مقننہ سریدھر بابو کی نصیحت پر کوشک ریڈی اپنی نشست پر واپس ہوگئے۔ جی ویویکانند پارٹی کے رکن جگدیش ریڈی کو مائیک دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسپیکر کے پوڈیم تک پہنچ گئے اور بحث و تکرار کرنے لگے۔ اسپیکر نے انتباہ دیا جس کے بعد پی راجیشور ریڈی نے ویویکانند کو اپنے ساتھ واپس لے گئے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے بی آر ایس ارکان کے رویہ پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ اپوزیشن ارکان حکومت کو دھمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایوان کے وقار کو ملحوظ رکھنا چاہتی ہے اور اگر اپوزیشن ارکان رویہ تبدیل نہ کریں تو کانگریس کے ارکان جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے بی آر ایس کے سینئر قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ارکان پر قابو رکھیں۔ ر