کولکتہ کے دواخانہ میں بنگلہ دیشی مریضوں کا علاج نہ کرنے کا فیصلہ

   

کولکتہ : کولکتہ کے ایک اسپتال نے فیصلہ کیا کہ بنگلہ دیش میں جس طرح سے ہندوستان کے قومی پرچم کی بے حرمتی کی گئی ہے اس پر احتجاج کے طور پر وہ کسی بنگلہ دیشی مریض کا علاج نہیں کرے گا۔ جے این رے ہسپتال کے ڈائرکٹر سبھرانشو بھکتا نے کہا کہ ملک سب سے اوپر ہے ۔ طبی خدمت عظیم پیشہ ہے لیکن ملک کا وقار سب سے مقدم ہے ۔ دوسرے طبی اداروں کو بھی اس راستے پر چلنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اسپتال نے بنگلہ دیش کے مریضوں کو فی الحال تمام خدمات کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی جے پی لیڈر اور کلکتہ میونسپل کونسلر سجل گھوش 141 بستروں کے اسپتال کے ڈائرکٹرز میں ایک ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں عام طور پر 20 فیصد بنگلہ دیشی مریض ہوتے ہیں۔ بھکتا نے بتایاکہ ہمارا ہسپتال ایک سوسائٹی کے زیر انتظام ہے اور گھوش ڈائرکٹرز میں ایک ہیں۔ہمارے پاس اس وقت کوئی بنگلہ دیشی مریض نہیں ہے ۔ گزشتہ چند دنوں میں تین بنگلہ دیشی مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا۔ اس وقت ہی ہم نے اعلان کیا (کہ ہم) بنگلہ دیشی مریضوں کو داخل کرنا بند کر دیں گے ۔