کونسل انتخابات میں ٹی آر ایس کو دھکا، اپوزیشن کے 3 امیدوار بھاری اکثریت سے منتخب

,

   

جیون ریڈی کو گریجویٹ حلقہ سے 40 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی، ٹیچرس کے 2 حلقوں سے بائیں بازو کے تائیدی امیدواروں کی جیت

حیدرآباد۔/27 مارچ، ( پی ٹی آئی ؍ سیاست نیوز) تلنگانہ میں حکمراں ٹی آر ایس کو ایک زبردست دھکا پہنچاتے ہوئے اپوزیشن کے تائید یافتہ امیدواروں نے ریاست میں قانون ساز کونسل حلقوں کے 3 حلقوں کیلئے منعقدہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ کریم نگر۔ میدک۔ نظام آباد۔ عادل آباد گریجویٹ حلقہ سے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ٹی جیون ریڈی فاتح کی حیثیت سے اُبھرے۔ جیون ریڈی کی کامیابی کا مطلب کونسل میں کانگریس کا وجود اور نمائندگی بن گئی ہے کیونکہ ایوان بالا میں اس پارٹی کے صرف دو ہی ارکان تھے جن کی میعاد بھی بہت جلد ختم شدنی ہے۔ میدک۔ نظام آباد۔ عادل آباد۔ کریم نگر ٹیچرس حلقہ سے پی آر ٹی یو امیدوار رگھوتم ریڈی کامیاب ہوئے جبکہ ٹی آر ایس کے تائیدی امیدوار پی سدھاکر ریڈی کو شکست ہوگئی۔ ورنگل ۔ کھمم۔ نلگنڈہ ٹیچرس حلقہ سے اے نرسی ریڈی فاتح کی حیثیت سے ابھرے جنہیں بائیں بازو کی جماعتوں کی تائید حاصل تھی۔ ٹی آر ایس کے تائید یافتہ پولا رویندر کو شکست ہوگئی ۔ یہ انتخابات 22 مارچ کو منعقد ہوئے تھے۔سیاست نیوز کے بموجب جگتیال کے سابق رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی نے گریجویٹ حلقہ قانون ساز کونسل انتخابات میں 39430اکثریت سے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ۔مختلف گوشوں سے مبارکبادی اور جگتیال شہر میں جشن کا ماحول کانگریس قائیدین اور کارکنوں میں خوشی کی لہرہے، مختلف چوراہوں پر آتش بازی اور شیرینی تقسیم کی گئی ۔واضح رہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں سابق رکن اسمبلی کو 62ہزار ووٹوں سے شکست کے بعد حلقہ جگتیال میں کانگریس پارٹی قائد ین اور کار کنوں میںمایوسی کا ماحول تھا۔ لیکن جیون ر یڈی نے دوراندیشی سے کام لیتے ہوئے اپنا سیاسی کیریر اور کانگریس پارٹی کی بقا ء کیلئے گریجویٹ حلقہ ایم ایل سی متحدہ ضلع کریم نگر ،میدک ،نظام آباد ، عادل آباد، چار اضلاع سے کانگریس امیدوار کی حیثیت سے انتخابی مقابلہ میں حصہ لیا، 22مارچ کو ایم ایل سی انتخابات کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں 115359لاکھ گریجو یٹس ووٹرس نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ گذشتہ روز 26؍مارچ کو کریم نگر میں رائے شماری عمل میں لائی گئی ، جس میں ووٹ کے غلط استعمال سے 9932ووٹس رد ہوگئے ، یہ ووٹ تعلیم یافتہ گرایجویٹ افراد نے استعمال کئے تھے۔ تعلیم یافتہ طبقہ کا یہ حال ہے ،تو عام لوگوں کا کیا پوچھنا، اس طرح جملہ 105427لاکھ ووٹس میں ٹی جیون ریڈی کانگریسی امیدوار کوجملہ 56698 ہزار ووٹس حاصل ہوئے ، جبکہ ٹی آر ایس کے تائیدی امیداور ایم چندر شیکھر گوڑ کو 17268ووٹ حاصل ہوئے جبکہ بی جے پی امیدوار کو 15077ووٹ حاصل ہوئے ,اس طرح جیون ریڈی نے ٹی آر ایس امیدوار ایم چندرشیکھر گوڑ کو 39340 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے شکست دیتے ہوئے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ۔ رات دیر گئے نتائج کا ضلع کلکٹر کریم نگر سرفراز احمد نے اعلان کیا۔