کووِڈ-19: ابوظہبی پورٹس کا ویکسین کی سات کروڑ خوراکیں ذخیرہ اورتقسیم کرنے کا اعلان

   

ابوظہبی: ابوظہبی پورٹس نے کرونا وائرس کی ویکسین کی سات کروڑ خوراکیں ذخیرہ اور تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس کا کہنا ہے کہ کووِڈ-19 کے خلاف جنگ میں وہ اہم کردار اد اکررہی ہے۔ابوظہبی پورٹس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اس کا خلیفہ انڈسٹریل زون ابوظہبی (کزاڈ)میں 19 ہزار مربع میٹر پر مشتمل گودام ہے جہاں کنٹرول درجہ حرارت کے تحت ادویہ کو رکھاجاسکتا ہے۔اس میں پہلے ہی ویکسین کی دس لاکھ سے زیادہ بوتلیں موجود ہیں۔‘‘اس پریس ریلیزمیں بتایا گیا ہے کہ اس گودام میں 2 سے 8 ڈگری درجہ حرارت تک ادویہ کو رکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔اس کے علاوہ 80 ڈگری کے انتہائی درجہ حرارت تک ادویہ کو رکھنے کی صلاحیت بھی ہے۔اس کو ایک کنٹرول ڈیش بورڈ کے ذریعے ڈیجیٹل مانیٹر کیا جاسکتا ہے۔ابوظہبی پورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کیپٹن جمعہ الشمسی کا کہنا ہے کہ ’’ابو ظبی پورٹس اس انتہائی حساس پراڈکٹ کو ذخیرہ اور تقسیم کرنے کے عمل اور سپلائی چین میں اہم قائدانہ کردار ادا کرسکتا ہے۔‘‘