نئی دہلی: مرکزی حکومت نے جمعرات کو کہا کہ کووڈ ویکسین ’کوویکسین‘کو سیاسی دباؤ کے تحت منظور نہیں کیا گیا تھا اور اسے ہنگامی طور پر استعمال کی اجازت دیتے وقت سائنسی حقائق اور طے شدہ اصولوں پر عمل کیا گیا تھا۔صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے آج یہاں کہا کہ دیسی کووڈ-19 ویکسین بنانے والی بھارت بائیوٹیک – کوویکسین نے سیاسی دباؤ کی وجہ سے کچھ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا اور اس کے کلینیکل ٹرائلز کو “جلد بازی” کرنے کے حوالے سے میڈیا میں کچھ ایسی خبریں آئی ہیں۔ حکومت نے کہا ہے کہ یہ میڈیا رپورٹس انتہائی گمراہ کن اور غلط معلومات پر مبنی ہیں۔وزارت نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اور قومی ریگولیٹر، سینٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او) نے سائنسی حقائق کی پیروی کی ہے اور ہنگامی استعمال کے لیے کووڈ-19 کی ویکسین کو اختیار دینے کے حوالے سے قواعد وضع کئے ہیں۔