کوہلی کے ساتھ کھیلنا خواب جیسا:اظہرالدین

   


نئی دہلی۔ ممبئی کے خلاف سید مشتاق علی ٹرافی میںصرف54 گیندوں پر137 رن کی طوفانی اننگز کھیلنے والے جارحانہ بیٹسمین محمداظہرالدین نے اپنی بیٹنگ سے سبھی کو متاثر کیا تھا جس کا فائدہ انہیں آئی پی ایل کی نیلامی میں بھی ملا اور رائل چیلنجر بنگلور (آر سی بی) کی ٹیم نے انہیں بنیادی قیمت20 لاکھ میں انہیں خریدا ۔ اس کے ساتھ ہی بنگلور کی ٹیم نے کیرالہ کے اس وکٹ کیپر بیٹسمین اظہرالدین کا وراٹ کوہلی کے ساتھ کھیلنے کے خواب کو بھی پوراکردیا۔ نیلامی کے بعد محمداظہرالدین اس وقت بے حد جذباتی ہوگئے جب کوہلی کا ان کو پیغام آیا جس میں ان کی تعریف کی گئی تھی۔اظہرالدین نے کہا کہ نیلامی کے دو منٹ ، کوہلی بھائی کا میسج آیا جس میں لکھا تھا ویلکم ٹو آر سی بی ، آل دی بیسٹ، وراٹ ہیئر ۔ اس پیغام نے مجھے کافی جذباتی کردیا۔ یہ ایسا تھا کہ جس کے بارے میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا کہ وہ مجھے میسج کریں گے ۔اظہرالدین ہندوستانی کپتان کوہلی کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں ، اس پیغام کے بعد وہ کافی جذباتی ہوگئے تھے ۔ انہوں نے اسپورٹس کرڈا کو دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس پر میں کافی خوش ہوں۔ کوہلی بھائی کو میں کرکٹ آئیکان مانتا ہوں۔ ان کے ساتھ کھیلنے ہمیشہ سے میرا خواب رہا ہے ۔ میں ان کی ٹیم کا حصہ بناکر کافی پرجوش اور خوش ہوں ۔ انہوں نے اپنی بیٹنگ کے سلسلے میں کہا میں اوپنر ہوں ۔ میں ٹیم کو اچھی شروعات دے سکتا ہوں اور اگر مجھے اچھی شروعات مل جائے تو لمبی اننگز بھی کھیل سکتا ہوں۔ لیکن ساتھ ہی سب سے اہم بات ہے کہ ٹیم کی ضرورت کیا ہے ۔ میں ہمیشہ ٹیم کی ضروریات پر نظرکھوں گا اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق خود کو بدلنے کے لئے تیار رہوں گا۔ واضح رہے کہ کیرالہ کے محمد اظہرالدین نے گزشتہ مہینے صرف54 گیندوں پر137 رن کی طوفانی اننگز کھیلی تھی ۔ یہ اننگز کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی کے ٹی20 میں کھیلی گئی تیسری سب سے تیز سنچری ہے ۔ اس اننگز کی بدولت کیرالہ نے صرف16 اوور میں ہی198 رنز کا ہدف حاصل کرلیا تھا۔ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 9 چوکے اور11 لمبے چھکے لگائے تھے ۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 253.70 رنز تھا۔