وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے اراضی کا معائنہ کیا،199 ایکر پرتاجرین اور عوام کیلئے بنیادی سہولتیں
حیدرآباد۔/11ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے کوہیڈا میں مارکٹ کی تعمیر کے منصوبہ کا جائزہ لیا اور کوہیڈا پہنچ کر مارکٹ کیلئے مختص اراضی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے منصوبہ کی منظوری کے بعد چیف منسٹر کے ہاتھوں تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جائیگا۔ بین الاقوامی طرز کی مارکٹ کی تعمیر کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ۔ اس مارکٹ میں نہ صرف تاجرین بلکہ عوام کیلئے بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور کوہیڈا مارکٹ ملک کی نمبر ون مارکٹ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 199 ایکر اراضی پر تعمیر کی جانے والی یہ مارکٹ دنیا کی مثالی اور عصری مارکٹ ثابت ہوگی۔ مارکٹ میں گودام کے علاوہ لاجسٹک پارک، پروسیسنگ پلانٹ، ویسٹ مینجمنٹ ، ری
سائیکلنگ، سولارسسٹم، کولڈ اسٹوریج، لیبر اور اسٹاف کوارٹرس جیسی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ حکومت نے ایل بی نگر سے فروٹ مارکٹ کو منتقل کرکے کوہیڈا میں وسیع اراضی الاٹ کی ۔ کمیشن ایجنٹ کی دکانیں، کولڈ اسٹوریج کی تعمیر اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبہ کا وزیر زراعت نے جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے طئے شدہ منصوبہ کے مطابق مقررہ وقت پر تعمیر مکمل کی جائے۔ کوہیڈا مارکٹ کی خصوصیت یہ رہیگی کہ آوٹر رنگ روڈ، ٹریپل آر راہداری اور انٹر نیشنل ایرپورٹ کے قریب رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مارکٹ میں مزید سہولتوں کی فراہمی زیر غور ہے۔ اراضی معائنہ کے وقت وزیر زراعت کے ہمراہ ڈائرکٹر لکشمی بائی، رکن اسمبلی کشن ریڈی، ایڈیشنل ڈائرکٹر لکشمن، سکریٹری نرسمہا ریڈی ودیگر موجود تھے۔ر