کویتا اور شرمیلا کے درمیان ٹوئٹر پر تیکھی نوک جھونک

   

شرمیلا زعفرانی جماعت کا طوطا : کویتا کا دعویٰ۔ کے سی آر کی طالبانی حکمرانی : شرمیلا
حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) موجودہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختران کے کویتا اور وائی ایس شرمیلا کے درمیان ٹوئٹر پر لفظی جنگ چھڑ گئی ہے۔ کل شہر میں احتجاج کے دوران گرفتار ہونے کے بعد رات میں عدالت سے ضمانت پر رہا ہونے والی وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی شرمیلا نے گھر پہنچ کر ٹی آر ایس حکومت پر سخت تنقید کا اظہار کیا اور کے سی آر کی حکومت کو طالبانی حکومت قرار دیا جس کے بعد ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے بھی ٹوئٹر پر شرمیلا کو جواب دیتے ہوئے انہیں بی جے پی کی جانب سے چھوڑی گئی تیر قرار دیتے ہوئے اسی انداز میں جواب دیا۔ جس کے بعد دنوں نے ایک دوسرے کے خلاف ایک سے زائد ٹوئیٹ کرتے ہوئے ایک دوسرے کی پالیسیوں پر تنقیدیں کیں۔ کویتا نے شرمیلا کو تلنگانہ میں سیاسی سیاح ( پولٹیکل ٹورسٹ ) قرار دیا جس پر شرمیلا نے کویتا کے خلاف ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی کوئی پدیاترا نہیں کی ہے اور نہ ہی انہیں عوامی مسائل سے واقفیت حاصل ہے۔ گلابی باغ میں کویتا کی کوئی اہمیت نہ ہونے کا دعویٰ کیا۔ جس پر کویتا نے ایک اور ٹوئیٹ کرتے ہوئے شرمیلا کو زعفرانی پارٹی کا طوطا قرار دیا اور کہا کہ میں تمہاری طرح سیاسی سیاح نہیں ہوں اور نہ ہی علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پانے کے بعد سیاست میں قدم رکھا ہے بلکہ تلنگانہ تحریک کا حصہ رہی ہوں۔ن