انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے سمن کو چیلنج کیا تھا
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) شراب اسکام میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ سمن کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کردہ رٹ پٹیشن سے بی آر ایس رکن کونسل کویتا نے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے ای ڈی کی جانب سے سمن کی اجرائی اور خواتین سے تفتیش کے طریقہ کار کی مخالفت کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ اب جبکہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے شراب اسکام کے سلسلہ میں انہیں گرفتار کرلیا ہے لہذا سابق میں دائر کی گئی پٹیشن پر مباحث کی ضرورت باقی نہیں رہی۔ کویتا کے وکیل وکرم چودھری نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ان کی موکل درخواست واپس لینا چاہتی ہیں۔ جسٹس بی ترویدی اور جسٹس پنکج متل پر مشتمل بنچ نے درخواست واپس لینے کی اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ کویتا نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے سمن کے خلاف 14 مارچ کو درخواست دائر کی تھی۔ دوسری طرف کویتا نے گرفتاری کے خلاف نئی درخواست داخل کی ہے جس پر سپریم کورٹ میں سماعت باقی ہے۔ گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے داخل کی گئی درخواست پر سینئر قانون داں کپل سبل بحث کریں گے۔1