کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر 150 میٹر طویل سرنگ دریافت

,

   

جموں۔ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر 150 میٹر لمبی سرنگ لا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز ٹنل سرچ آپریشن کے دوران ایک سرنگ کا پتہ لگایا۔یہ سرنگ بین الاقوامی سرحد پر پنسار علاقے میں کھودی گئی تھی جو پچیس سے تیس میٹر گہری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ سرنگ جنگجوؤں کو سرحد کے اس طرف دھکیلنے کے لئے کھودی گئی تھی۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے سرنگ کے مقام پرجو اسلحہ و گولہ باردو بر آمد کیا اس میں ایک اے کے 47 رائفل، تین میگزین، بیاسی گولیاں، تین چینی ساخت کے پستول، ان کے پانچ میگزین، چار ہینڈ گرینیڈ، ایک یو بی جی ایل گرینیڈ اور ایک کنوڈ سیٹ شامل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرنگ کا پتہ لگتے ہی سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر آپریشن کو مزید بڑھایا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دس روز قبل ہی ہیرا نگر سیکٹر کے بوبیان گاؤں میں بین الاقوامی سرحد پر ایک سرنگ کا سراغ لگایا تھا۔سرکاری ذرائع کے مطابق گذشتہ چھ ماہ کے دوران بین الاقوامی سرحد پر چار سرنگوں کا پتہ لگایا گیا۔