کٹھوعہ میں عوام کا زبردست احتجاج

   

جموں: جموں صوبے کے بلاور کٹھوعہ میں مبینہ شہری ہلاکتوں کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا اور ملوثین کو جلدازجلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر بھی جلائے جس وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت پوری طرح سے معطل ہو کررہ گئی ۔اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ کے لوہی ملہار علاقے سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی لاشیں پر اسرار طورپر برآمد ہونے کے بعد کٹھوعہ میں حالات کشیدہ اور پر تناو ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ اتوار کے روز کٹھوعہ کے بلاور علاقے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شہری ہلاکتوں کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا اور الزام لگایا کہ ضلعی انتظامیہ انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ کٹھوعہ میں حالات روز بروز خراب ہو رہے ہیں اور ہم اپنے گھروں سے باہر آنے میں بھی خوف محسوس کر رہے ہیں۔