کپاس کی خریدی کیلئے تیاری کرنے عہدیداروں کو وزیر زراعت نرنجن ریڈی کی ہدایت

   


حیدرآباد ۔ 11 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ 2022 کی کپاس کی خریدی کیلئے تیاری کریں ۔ یہاں کپاس کی خریدی کے طریقہ کار پر ایک جائزہ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں نے 50 لاکھ ایکرس پر کپاس کی کاشت کی ہے ۔ وزیر زراعت نے کہا کہ نامساعد موسمی حالات کے باوجود کسانوں نے کپاس کی کاشت کی ہے ۔ اگرچیکہ اس کی وجہ فصل کم ہوئی تاہم توقع ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی مارکٹ میں کپاس اچھی قیمت پر فروخت ہوگی ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ فی الوقت مارکٹ میں کپاس کی قیمت 8000 روپئے فی کنٹل ہے ۔ انہوں نے مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ اور کاٹن کارپوریشن آف انڈیا کے عہدیداروں سے کہا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کپاس اگانے والے کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت 6380 روپئے سے زیادہ قیمت حاصل ہو ۔ وزیر زراعت نے کہا کہ دنیا بھر میں فی الوقت جو منظر ہے اس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ مستقبل میں کپاس کی کافی مانگ ہوگی ۔ اس لیے کسانوں کو کپاس کی فصل زیادہ اگانے کیلئے توجہ دینی ہوگی ۔۔