کپواڑہ میں دراندازی کی کوشش ناکام، ایک جنگجو ہلاک

   

اسرینگر: فوج نے جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ کے سیدہ پورہ ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جنگجووں کی طرف سے دراندازی کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنایا جس دوران ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے کپواڑہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی شب ملی ٹینٹوں کی طرف سے دراندازی کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہاکہ درمیانی شب ڈھائی بجے کے قریب سیدہ پورہ ٹنگڈار سیکٹر میں ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ نے اس طرف آنے کی کوشش کی تاہم متحرک اہلکاروں نے اُنہیں للکارا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔اُن کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں ایک پاکستانی ملی ٹینٹ مارا گیا اور اُس کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے ۔دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ موجود ہوسکتے ہیں جس کے پیش نظر اضافی کمک کو بھی جائے وقوع کی اور روانہ کیا گیا ۔دریں اثنا فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ برفباری سے قبل پاکستان کی جانب سے دراندازی کی کوششوں میں اضافہ کا امکان ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سرحد کے اُس پار لانچنگ پیڈوں کو بھی پھر سے فعال کیا گیاہے ۔