کچرے کی نکاسی کیلئے 5 تا 9 اگسٹ خصوصی مہم

   

عوام میں صفائی کے تعلق سے شعور بیدار کیا جائیگا :کمشنر جی ایچ ایم سی

حیدرآباد3 اگسٹ (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں کچرے کی نکاسی اور صفائی کے سلسلہ میں شعور اجاگر کرنے بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے 5 تا 9 اگسٹ خصوصی مہم چلائی جائے گی اور شہریوں میں شعور اجاگر کرکے انہیں صفائی کی اہمیت سے واقف کروایا جائے گا۔ شہر میں وائرل فیور بالخصوص ملیریا اور ڈینگو کے مریضوں کے علاوہ یرقان کی مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی شکایات کو دیکھتے ہوئے حکومت سے ریاست میں صفائی انتظامات کو بہتر بنانے ہدایات کے بعد کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد محترمہ امراپالی نے کل تمام زونس کے عہدیداروں کے ہمراہ ٹیلی کانفرنس میں ہدایت دی کہ وہ صفائی اور پودوں کی اہمیت پر عوام میں شعور اجاگر کرنے وارڈ واری اساس پر کمیٹیوں کی تشکیل دیتے ہوئے محلہ جات کی کمیٹیوں اور ذمہ داروں سے بات کریں اور انہیں ان پروگرامس میں شامل کریں ۔ گھروں کے آس پاس میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے متوجہ کروانے کے ساتھ شہر کے کسی بھی مقام پر کچرے کی نکاسی کے عملہ کو پابند کیا جائے ۔ بتایاجاتا ہے کہ دونوں شہروں میں ملیریا اور ڈینگو کے مریضوں کے علاج پر بھی خصوصی ہدایت دی گئی جبکہ ڈاکٹرس کا مشورہ ہے کہ پانی کا استعمال گرم کرنے کے بعد کیا جائے اور فلٹر کے بغیر پانی سے گریز کیا جائے کیونکہ آلودہ پانی کے علاوہ مچھروں کی کثرت سے یہ بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔3