کچن کہے خوش آمدید

   

اب دور آیا ہے کچن ڈیزائنرز کا یہ باقاعدہ اندرونی آرائش کے ماہر ہنرکار ہوتے ہیں جو جانتے ہیں کہ آپ کچن میں دراصل کیا کچھ دیکھنا چاہتی ہیں۔کن الماریوں میں کیا کیا چیزیں رکھی جائیں تو پکانے میں آپ کو آسانی اور سہولت رہے گی۔کچن ایکسپرٹ سے رابطہ کرنے پر آپ کی ترجیح کیا ہونی چاہئے۔پْرتعیش کچن،تمام تر جدید لوازمات سے آراستہ یا تخلیقی انداز سے آپ کا مددگار کچن؟بہترین کچن کیسا ہوتا ہے؟ایسا کہ جس ماحول میں خوش آمدید کہنے اور گرمجوشی سے کام کرنے کی فضا بنتی ہو۔تازہ دم رکھتا،گنگناتا اور دل کو طمانیت دینے والا ماحول ہو۔الماریاں اور کاؤنٹر ٹاپ آپ کی جملہ ضرورتوں کی تسکین کرتے ہیں۔چھوتے بڑے ہر طرح کے گھروں کے باورچی خانے زندگی کے احساس سے لبریز ہو سکتے ہیں۔آپ کا آرکیٹیکٹ اس قدر ماہر ضرور ہونا چاہئے کہ جسے مشرق،مغرب،جنوب اور شمال سے ہوا اور روشنی کے گزر کا علم ہو۔ساتھ ہی وہ تعمیر سے پہلے چولہے کی تنصیبات کا بطور خاص خیال رکھ سکے۔جہاں چولہے کا ذکر آئے وہیں دھوئیں اور خوشبو دور کرنے کیلئے چمنیوں اور کھڑکیوں کا حوالہ بھی آئے گا۔دیواری کیبنٹ کو کبھی چھت کے بہت زیریں نصب نہ کروائیے یہ اونچائی ہی میں بھلی لگتی ہے۔چھوٹی الماریوں میں گرد و غبار جمع ہوتا ہے اور آپ ہی نہیں بچے بھی کچھ نہ کچھ ان میں رکھتے جائیں گے۔کیبنٹس دیوار سے چھت تک نصب کرنا اہمیت رکھتا ہے۔آپ اس میں اپنی سہولت کیلئے چھوٹے اور بڑے خانے بنوا سکتی ہیں جن میں مختصر رقبہ اور بڑی جگہ گھیرنے والی اشیاء رکھنے کی گنجائش نکلے گی۔اس کے علاوہ ہوا کا گزر بھی باآسانی ہوتا رہے گا۔کچن کتنا ہی مہنگا بنوایا جائے اگر آپ کو صفائی کے مسائل درپیش ہیں تو چند دن ہی میں وہ اپنی کشش و جاذبیت کھو دے گا۔جھینگر اور دوسرے حشرات پیدا ہونے لگیں گے اور آپ آلودگی کے اس ماحول میں نہ تو دل لگا کے کچھ پکا سکیں گی نہ ہی کسی کی آمد کا خیر مقدم ہی کر سکیں گی۔اس لئے پورے گھر کی صفائی ایک طرف اور کچن کی دیکھ بھال،صفائی ستھرائی کی اہمیت اپنی جگہ ہے۔بہتر یہی ہے کہ نئے کچن کو بہت جلد جراثیم آلود نہ ہونے دیں۔خود بھی صاف رہیں اور ماحول کو بھی حتی الامکان صحت مندانہ طرز پر صاف ستھرا رکھیں کیونکہ کنبے کی صحت کا انحصار آپ کے کچن ہی پر ہے۔