نئی دہلی: پورے ملک میں کڑاکے کی سردی کے درمیان منگل کو مکر سنکرانتی کا تہوار خوشی اور روایتی رسوم و رواج کے ساتھ منایا گیا۔سورج کے آج شمالی راستے میں داخل ہونے کے موقع پر منائے جانے والے مکر سنکرانتی اور گھوگتی کا تہوار پورے ملک میں جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا ۔ گنگا، جمنا اور رام گنگا ندیوں میں جہاں دیوی ڈولیوں کو اسنان کرایا گیا وہاں عقیدت مندوں نے بھی مقدس ندیوں میں غوطہ لگایا۔ ساتھ ہی، مختلف مقامات پر کھچڑی بھوج کے اہتمام بھی کیے گئے ۔صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو، نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیراعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی وزراء اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہول گاندھی اور کانگریس کے صدر ملکر جن کھڑکے سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی مکر سنکرانتی کے تہوار پر پورے ملک کے باشندوں کو مبارکباد دی۔ دنیا کے سب سے بڑے روحانی اجتماع میں مہاکمبھ کے مکر سنکرانتی امرت سنان پر سنگم کے کنارے جیسے عقیدت مندوں کا سیلاب امڈآیا ہے ۔
صبح 10 بجے تک 1.38 کروڑ عقیدت مندوں نے کڑاکے کی سردی اور سرد ہوا کے درمیان عقیدت کے غوطے لگائے ۔ 12 کلومیٹر لمبی گھاٹ کے علاقے میں “ہر ہر مہادیو” اور “جے شری رام” کی صدا گونجتی رہی۔ پورا اسنان گھاٹ دھند کے پردے میں چھپا ہوا تھا۔ مکر سنکرانتی کے موقع پر آدھی رات سے عقیدت مندوں نے سنگم میں غوطے لگانے کا آغاز کر دیا تھا۔ مہاکمبھ کے پہلے امرت سنان ‘شاہی سنان’ میں عقیدت کا زبردست جوش دکھائی دیا۔ سادھوؤں کے درشن کے ساتھ مقدس غوطہ لگا کر پونیت حاصل کیا۔