کھرگے نے ٹرین حادثہ پر مودی کو خط لکھا

   

نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے بالاسور ٹرین حادثے کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر ملک بھر کے تمام ریلوے روٹس پر ضروری حفاظتی اقدامات کرنے اور مشن موڈ پر حفاظتی آلات نصب کرنے کی اپیل کی ہے ۔ کھرگے نے اس حادثے کو ریلوے کی تاریخ کا بدترین حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حادثے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ اس میں سینکڑوں لوگ ایک ہی جھٹکے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تمام انقلابات کے باوجود ریل اب بھی عام ہندوستانیوں کیلئے لائف لائن ہے اور سب کیلئے نقل و حمل کا سب سے قابل اعتماد اور سستا ذریعہ ہے ۔ ہر روز آسٹریلیا کی آبادی کے برابر مسافروں کومنزل تک لے جانے والی انڈین ریلوے پرکروڑوں لوگ انحصار کرتے ہیں۔
لیکن مجھے یہ کہتے ہوئے دکھ ہو رہا ہے کہ زمینی سطح پر ریلوے کی صرف اوپری چمک دمک پرہی حکومت توجہ دے رہی ہے ۔