کھمم جلسہ عام کی کامیابی کیلئے بائیں بازو جماعتوں کی مدد

   

حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کی سرگرمیوں کو قومی سطح پر توسیع دینے سے قبل چیف منسٹر کے سی آر نے 18 جنوری کو کھمم ضلع میں جلسہ عام کی تیاری کی ہے۔ کھمم کے انتخاب کی وجوہات کئی ہیں۔ حالیہ دنوں تلگودیشم کے صدر این چندرا بابو نائیڈو نے کامیاب روڈ شو کیا تھا۔ آندھرا پردیش سے متصل اس ضلع میں تلگودیشم کے علاوہ بائیں بازو جماعتوں کا خاصہ اثر موجود ہے۔ کے سی آر نے کھمم ضلع میں بی آر ایس کی طاقت کے مظاہرہ کا فیصلہ کیا ہے۔ جلسہ عام کے انتظامات کی ذمہ داری وزیر فینانس ہریش راؤ کو دی گئی ہے اور جلسہ عام میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت کے لئے بائیں بازو جماعتوں کی مدد حاصل کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ بائیں بازو کے قائدین نے اپنے کیڈر کو ہدایت دی ہے کہ نہ صرف وہ بلکہ عوام کی کثیر تعداد کے ساتھ جلسہ عام میں شرکت کریں۔ بائیں بازو جماعتوں کی مدد کے بغیر کھمم میں کامیاب جلسہ ممکن نہیں ہے۔ جلسہ عام میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے چیف منسٹرس کی شرکت متوقع ہے جن میں پی وجین کیرالا، اروند کجریوال دہلی اور بھگونت مان پنجاب شامل ہیں۔ اُتر پردیش کے سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو اور سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈی راجا کے علاوہ جنتا دل ( ایس ) کے ایچ ڈی کمارا سوامی کی شرکت متوقع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سی پی آئی اور سی پی ایم قائدین نے عوام کو جمع کرنے تمام منڈلوں میں اجلاس منعقد کئے ہیں۔ر