نوجوانوں کو سیاست میں حصہ لینے کا مشورہ، ووٹ لینے کیلئے دولت کا استعمال خطرناک رجحان
حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے بدلتے سیاسی اقدار اور قائدین کی وفاداریوں میں اچانک تبدیلی کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ موجودہ حالات میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے کروڑہا روپئے کا خرچ ضروری ہے اور اس کے بغیر ووٹ حاصل ہونا مشکل ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ووٹ حاصل کرنے کیلئے دولت کے استعمال کے رجحان کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدین کی سیاسی وفاداریوں کی تبدیلی مضحکہ خیز بن چکی ہے۔ جسم پر جس طرح کھنڈوا تبدیل کیا جاتا ہے اسی طرح قائدین پارٹیاں تبدیل کررہے ہیں۔ وینکیا نائیڈو نے آج ڈاکٹر ایم چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ میں سٹیزن یوتھ پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔ اس پروگرام میں وزیر داخلہ محمد محمود علی اور تلنگانہ ایم آئی ڈی سی کے صدرنشین ایم سرینواس اور دوسروں نے شرکت کی۔ وینکیا نائیڈو نے مزید کہا کہ اگر کسی شخص نے پارٹی تبدیل کی ہو تو اسے پارٹی سے حاصل ہونے والے عہدوں سے بھی استعفی دے دینا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن پارلیمنٹ اور رکن اسمبلی کی حیثیت سے پارٹی تبدیل کرنے پر پارٹی کے ساتھ ساتھ رکنیت سے بھی استعفی دیا جائے۔ سابق نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں کو عملی سیاست میں حصہ لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اصلاحات کیلئے نوجوانوں کا سیاست میں حصہ لینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصولوں پر مبنی سیاست پر عمل کرتے ہوئے عوام کی بہتر انداز میں خدمت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز اداروں میں ثمرآور مباحث کے ذریعہ ہی عوام کے حق میں فیصلے کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے نوجوانوںکو سیاست میں حصہ لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں حصہ لینے کیلئے پس منظر کی ضرورت نہیں ہے۔ عوامی خدمت کا جذبہ سیاست میں حصہ لینے کیلئے کافی ہے اور ہر کسی کو اپنے اصولوں اور اقدار پر کاربند رہنا چاہیئے۔