واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کابینہ کے پہلے اجلاس سے چند گھنٹے قبل اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اعلان کیا کہ گروپ ’ایلون مسک سے بہت خوش ہے۔‘نیویارک ٹائمز کے مطابق جب ٹرمپ کابینہ کا پہلا اجلاس شروع ہوا، تو ایسا لگ رہا تھا کہ کابینہ کے ارکان کا کام یہ ثابت کرنا تھا کہ وہ واقعی ایلون سے خوش ہیں۔اپنے نام کے کارڈ کے ساتھ وزرا خاموشی سے بیٹھے ہوئے تھے، وہ خاموشی سے سنتے رہے جب دنیا کے امیر ترین شخص نے ان پر تنقید کی اور خسارے کے حجم پر سرزنش کی، ایبولا کی روک تھام کی کوشش کو عارضی طور پر منسوخ کرنے کا اعتراف کیا اور یہ دعویٰ کیا کہ وہ سب ان کے مشن کیلئے اہم ہیں۔ایلون مسک نے کہا کہ ’میں آپ سب کی حمایت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘حقیقت میں مسک کو کابینہ کے ہر وزیر کی حمایت حاصل نہیں تھی۔ وہ اس لیے کہ انہوں نے ان کے ملازمین کو ای میل کے ذریعے مستفی ہونے کا کہا تھا۔