ہبلی: کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے چہارشنبہ کو پارٹی کے ساتھ اپنی وفاداری کا اعادہ کیا اور جین دھرم کے روحانی گرو گنادھر نندی مہاراج سے وزیر اعلیٰ بننے کا آشیرواد حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ عہدہ کے لیے کسی بھی ذاتی خواہش کو مسترد کردیا۔ جین گرو کے آشیرواد کے بعد ریاست میں کانگریس میں قیادت کی تبدیلی کی قیاس آرائیاں ایک بار پھر تیز ہوگئی ہیں۔ہبلی ہوائی اڈہ پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے ، شیوکمار نے کہاکہ روحانی رہنما اپنی مرضی کے مطابق آشیرواد دینے کے لیے آزاد ہیں، اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔ تاہم پارٹی کے فیصلے اعلیٰ ہیں اور ہم ان پر عمل کریں گے ۔انہوں نے پارٹی کے ساتھ اپنی وفاداری کا اعادہ کیا اور وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے کسی بھی ذاتی خواہش کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ انہیں کسی مخصوص عہدہ کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی اور ان کی ترجیح پارٹی اور حکومت کی طرف سے انہیں سونپی گئی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ذاتی کامیابیوں کے حصول کی کوئی جلدی نہیں ہے ۔