محکمہ صحت کی وارننگ، سینکڑوںافراد کا جمع ہونا وباء کے پھیلاؤ کا موجب
حیدرآباد: درگم چیروو کے قریب تعمیر کردہ کیبل بریج کے مشاہدہ کیلئے روزانہ ہزاروں افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جس پر محکمہ صحت نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ درگم چیروو کیبل بریج کے مشاہدہ کے لئے بڑی تعداد میں پہنچنے سے گریز کریں کیونکہ بھاری مجمع سے کووڈ۔19 کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیبل بریج کا گچی باؤلی میں آغاز ہوا اور یہ اپنی نوعیت کا منفرد بریج ہے۔ عوام کو بریج کا مشاہدہ کرنے میں کافی دلچسپی ہے اور یہ کوئی غلط بات نہیں۔ تاہم ہمیں کووڈ۔19 کیسس کو پیش نظر رکھنا چاہئے ۔ اگر ہم احتیاطی اقدامات نہ کریں تو پھر بڑی تعداد میں کیسس منظر عام پر آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیبل بریج ایک یا دو ماہ میں غائب نہیں ہوجائے گا۔ وہ ہمیشہ موجود رہے گا اور بعد میں بھی اس کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں کی تعداد میں جمع ہونے کی صورت میں کورونا کی صورتحال سنگین ہوسکتی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے درگم چیروو کیبل بریج پر مشاہدہ کیلئے آنے والے سینکڑوں افراد کی تصاویر کے ساتھ اپیل جاری کی گئی ہے۔ تصاویر میں سماجی فاصلے کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا اور نہ ہی عوام کو ماسک کے استعمال کی فکر ہے۔ محکمہ صحت نے کسی بھی مقام پر ہجوم کی صورت میں کورونا کیسس میں اضافہ کی وارننگ دی ہے۔