ممبئی : ممبئی ہائی کورٹ نے اداکار سلمان خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ اگست2022 میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے اپنے پڑوسی کیتن ککڑ کے خلاف سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پوسٹ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے درخواست دائر کی تھی۔ سلمان نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیتن ککڑ نے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف بہت سی پوسٹس کی ہیں، جو توہین آمیز اور اشتعال انگیز ہیں۔دراصل کیتن نے سلمان خان پر فارم ہاؤس میں غیر قانونی کام کرنے کا جھوٹا الزام لگایا تھا۔ اس معاملے کی سماعت آج یعنی منگل کو ہوئی۔جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔رواں سال مارچ میں سلمان خان نے کیتن ککڑ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے سیول کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔ لیکن اداکار کو وہاں سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا اور عدالت نے کیتن کے خلاف کوئی ریلیف دینے سے انکار کر دیا۔سلمان خان نے مطالبہ کیا تھا کہ عدالت کیتن کو سوشل میڈیا پر ان کے خلاف اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز کو ہٹانے اور ان کے خلاف کوئی تبصرہ کرنے سے روکے۔ لیکن عدالت نے سلمان کو رعایت نہیں دی۔