کیرالا مسلم جماعت نے انتہاپسندی کیخلاف آواز اٹھائی

   

کوچی:کیرالا کی بااثر مسلم تنظیم کیرالا مسلم جماعت کے جنرل سکریٹری سید ابراہیم الخلیل البخاری نے کہا کہ ہندوستان میں سیاسی اور سماجی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے اور سب کو ملک کی تعمیر نو کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ جمعرات کو کوچی میں میرین ڈرائیو میں کیرالا مسلم جماعت کے ریاستی نمائندہ کنونشن کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت نہ تو سیاست سے قریب ہے اور نہ ہی دور ہے اور تمام سیاست دانوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک، عوام کا ہے اور کسی کو کسی شہری کی حب الوطنی پر سوال اٹھانے کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ‘لوگوں کو تقسیم کرکے اور نفرت پھیلا کر اقتدار پر قبضہ کرنے کی سیاست خطرناک ہے۔ ملک میں اقلیتیں بالخصوص مسلمانوں کو بحران کا سامنا ہے۔ مسلمانوں کے وجود اور مستقبل پر سوالیہ نشان لگانے والے موقف پر سنجیدگی سے بحث ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جماعت انتہا پسندی سے سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ میٹنگ میں مرکزی حکومت سے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس کی صدارت آل صدر سلیمان مسلیار نے کی۔ کیرالا مسلم جماعت کے صدر کنتھا پورم اے پی ابوبکر مسلیار نے پیغام دیا اور ریاست بھر کے قائدین نے اس موقع پر خطاب کیا۔ میٹنگ نے کنتھا پورم اے پی ابوبکر مسلیار کو صدر، سید ابراہیم الخلیل البخاری کو جنرل سکریٹری اور عبدالکریم حاجی چلیام کو فنانس سکریٹری منتخب کیا۔