کیرالا میں برڈ فلو، ٹاملناڈو کے سرحدی علاقوں میں سخت نگرانی، چیک پوسٹ پر گاڑیوں کی تلاشی

   

چینائی: کیرالا میں برڈ فلو کی اطلاع موصول ہونے کے بعد ٹاملناڈوحکومت نے سرحدی علاقوں میں نگرانی میں اضافہ کر دیا ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ انیکٹی، گوپال پورم اور والیار علاقوں میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔ ان علاقوں میں ہر چیک پوسٹ پر 12‘ 12 پولیس عہدیدار تعینات ہیں۔ ٹاملناڈو پہنچنے والی کسی بھی گاڑی کی گہرائی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔ ٹاملناڈو کے محکمہ مویشی پروری کے عہدیداروں نے میڈیا کو بتایا کہ جب بھی پڑوسی ریاستوں میں برڈ فلو کے معاملے سامنے آتے ہیں تو محکمہ چوکسی بڑھا دیتا ہے۔عہدیداروں نے کہا کہ ویٹرنری ڈاکٹر اور پیرامیڈیک ٹیم کے ارکان بھی ریاست کی سرحدوں پر سرچ ٹیموں کے حصہ ہیں۔ مرغے اور جانوروں سے بھری کسی بھی گاڑی کو چیک پوسٹ عبور کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ایک عہدیدار نے کہا کہ ریاستی حکومت کوئی جوکھم نہیں لے رہی۔ کیرالا سے ٹاملناڈو میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کو سینی ٹائز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیرالا کی سرحد سے ملحقہ کوئمبتور ضلع میں 1252 پولٹری فارم ہیں۔ ضلع میں اتنی بڑی تعداد میں پولٹری فارمز ہونے کی وجہ سے محکمہ ریاست میں کسی بھی پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اضافی احتیاط برتی جارہی ہے۔