کیرالا میں عیسائیوں کی عبادت گاہ میں 3 دھماکے، 2 ہلاک

,

   

40 افرادزخمی، آئی ای ڈی کا استعمال، پولیس کی تصدیق، ریاست میںسخت چوکسی

ایرناکلم: کیرالا کے ایرناکولم میں کالامسری میں واقع ایک کنونشن سنٹر میں تین زبردست دھماکے ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق کنونشن سنٹر میں ’ یہوواہ کے گواہوں‘ کی دعائیں جاری تھیں کہ دھماکے ہوئے۔ میڈیا کے مطابق دھماکوں میں 2 افراد کی موت ہوگئی جبکہ40 سے زائد افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔ وزیرداخلہ امیت شاہ نے کیرالا دھماکوں کے معاملے پر کیرالا کے وزیر اعلی سے بات کی ہے۔ ایک عینی شاہد نے کہا کہ دھماکہ‘ ہال کے وسط میں ہوا۔ اس نے تین دھماکے کی آوازیں سنی۔ وزیراعلیٰ پنارائی وجین نے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ تمام اعلیٰ عہدیدار ایرناکولم میں موجود ہیں۔ تحقیقات کے بعد مزید معلومات حاصل کرنی ہوں گی۔ کنونشن سنٹر میں منعقدہ تین روزہ پروگرام کا آج آخری دن تھا۔ دھماکہ کیسے ہوا اور اس کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی جس ہال میں دھماکہ ہوا ہے وہاں 2 ہزار افراد کی گنجائش ہے ۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ دھماکہ صبح 9 بجے کے قریب ہوا۔ کیرالا سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا کہ وہ اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے تمام مذہبی رہنماؤں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس طرح کی بربریت کی مذمت کریں۔ ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ یہوواہ کے گواہ عیسائیت کا ایک فرقہ ہے جن کے مذہبی عقائد مرکزی دھارے کی عیسائیت سے مختلف ہیں۔ اس کے بہت سے پروگرام وقتاً فوقتاً عالمی سطح پر منعقد کیے جاتے ہیں۔ یہوواہ کے گواہوں کے اصولوں کا تعین ان کی گورننگ باڈی کرتی ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ دہشت گردانہ حملہ ہے۔ 5 سے 10 سیکنڈز میں دو دھماکے ہوئے۔ یہ دھماکہ کیرالا میں ایک پروگرام میں حماس کے رہنما کی آن لائن شرکت پر جاری تنازعہ کے درمیان ہوا ہے۔ خالد مشعل نے ہفتہ کو فلسطین کی حمایت میں نکالی گئی ریالی سے عملی طور پر خطاب کیا تھا۔ خالد مشعل کے بارے میں کہا جاتا ہیکہ وہ حماس پولٹ بیورو کے بانی رکن ہیں اور 2017 تک اس کے چیئرمین تھے۔ بی جے پی نے کہا کہ یہ واقعہ ‘پنارائی وجین حکومت کی ناکامی کی عکاسی کرتا ہے اور تقریب کے منتظمین نے اسے کچھ بھی غیر معمولی نہیں بتایا۔ کیرالا کے ڈی جی پی ڈاکٹر شیخ درویش صاحب نے کہا کہ تمام پہلوؤں کی جانچ کی جارہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہیکہ یہ ایک آئی ای ڈی دھماکہ تھا۔ اس واقعہ کے بعد کیرالا کے 14 اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ کرناٹک سرحد کو سیل کردیا گیا ہے۔