کیرالا کے کنور میں آر ایس ایس اور ایس ڈی پی آئی میں امکانی تصادم پولیس چوکس

   

تھرواننتاپورم: کیرالا کے کنور میں راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی ) کے کارکنوں میں امکانی تصادم کی انٹلیجنس رپورٹ کے بعد پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ کیرالا کا یہ ضلع سیاسی اعتبار سے انتہائی حساس ہے جہاں پر سیاسی قتل کی کئی وارداتیں پیش آچکی ہیں۔ حال ہی میں آر ایس ا یس کے ایک ورکر سدیش کے گھر کے سامنے بم دھماکہ ہوا۔ پولیس کا کہنا ہیکہ یہ جوابی حملہ ہوسکتا ہے کیونکہ چند دن قبل ایس ڈی پی آئی کے دفتر پر بھی بم پھینکا گیا تھا۔ بتایا گیا ہیکہ آر ایس ایس کارکن سدیش اس کیس کا ملزم ہے۔ انٹلیجنس نے یہ رپورٹ دی ہیکہ علاقہ میں تشدد کا امکان ہے اور پولیس کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ کنور ضلع میں سیاسی قتل کی کئی وارداتیں پیش آچکی ہیں جن میں آر ایس ایس اور سی پی آئی ایم کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کا الزام ہے ۔ ان کے علاوہ آر ایس ایس اور ایس ڈی پی آئی ورکرس میں بھی تصادم ہوتا رہتا ہے۔