کیرولینا پلسکووا نے سال کا چوتھا خطاب جیت لیا

   

زینگزو۔16ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین میں کھیلے گئے زینگزو اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے بارش سے متاثرہ فائنل میں ٹاپ سیڈ چیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسکووا نے نمبر سات سیڈ کروشیا کی پیٹرا مارٹک کو صرف 77منٹ میں 6-3 اور 6-2 سے شکست دے کر رواں سال چوتھا اور کیریئر میں 15واںخطاب حاصل کرلیا ۔ یاد رہے کہ وہ برسبین، روم اور ایسٹ بورن میں ڈبلیو ٹی اے ایونٹس بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔زینگزو اوپن میں کامیابی کی بدولت ڈبلیو ٹی اے عالمی درجہ بندی میں نمبرایک مقام پر فائز آسٹریلیا کی ایشلیگ بارٹی سے ان کا جدول میں فاصلہ بھی کم ہوگیا ہے اور وہ 6125 نشانات کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔چین میں کھیلے گئے جیانگزی اوپن کے فیصلہ کن معرکے میں نمبر پانچ سیڈ سویڈن کی ریبیکا پیٹرسن نے نمبر چار سیڈ حریف قازقستان کی ایلینا رائباکینا کو 6-2 اور6-0 سے شکست دی کر رواں برس پہلا ڈبلیو ٹی اے خطاب جیت لیا۔جاپان ویمنز اوپن کے فائنل میں ناؤ ہبینو نے ہم وطن حریف میساکی ڈوئی کو6-3 اور 6-2 سے شکست دیکرکیریئر کا دوسرا خطاب جیت لیا۔