زخمی شیخ نوید اور بیٹی زیر علاج، سوگوار شیخ سعید کو عاجلانہ ویزاکیلئے ایم بی ٹی لیڈر کی اپیل
حیدرآباد ۔21 ۔ جولائی (ایس ایم بلال) امریکہ کے شہر کیلیفورنیا میں پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ منگل کی صبح امریکہ کی قومی شاہرا ویلز 93 نیویڈا میں پیش آیا جہاں 45 سالہ نازیہ سلمیٰ اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ کار ڈرائیو کرتی ہوئی جارہی تھیں اور ان کی کار کو مخالف سمت سے آنے والی گاڑی نے ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں نازیہ سلمیٰ ، 16 سالہ حافظہ نیہا ناہید شیخ ، 14 سالہ حافظ عمر شیخ برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے شوہر 48 سالہ شیخ عبدالنوید اور 14 سالہ خدیجہ شیخ شدید زخمی ہوگئے اور انہیں دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ حادثہ کے مقام سے کیلیفورنیا کی پولیس نے تمام کو بذریعہ ہیلی کاپٹر دواخانہ منتقل کیا ۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے شیخ عبدالنوید کے والد شیخ عبدالسعید ساکن اسسٹنٹ سیلس ٹیکس آفیسر (ریٹائرڈ) ساکن سعید آباد وانی کالونی نے بتایا کہ ان کے بیٹے شیخ عبدالنوید نے حیدرآباد میں پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ریڈی لیباریٹریز اور جی وی کے میں بحیثیت سائنٹسٹ کام کیا تھا اور بعد ازاں امریکہ منتقل ہونے کے بعد انہوں نے وہاں سے بھی بوائز ٹاؤن کی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کی اور ایک مشہور فارما کمپنی میں ملازمت کر رہے ہیں۔ نوید کیلیفورنیا کی مسجد کمیٹی کے سرپرست بھی ہیں اور وہاں پر موجود ہندوستانی مسلمانوں کی فلاح و بہبود میں سرگرمی سے حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں گرمائی تعطیلات ہونے کے سبب ان کے بیٹے ، بہو اور بچوں نے سالٹ لیک سٹی جو امریکہ کے اوٹا اسٹیٹ میں واقع ہے اور مشہور سیاحتی مقام ہے، وہاں پر تفریح کے لئے اپنے مکان سے روانہ ہوئے تھے اور نازیہ سلمیٰ گاڑی چلا رہی تھیں کہ حادثہ کا شکار ہوگئیں۔ اس حادثہ میں ماں ، دو بچے برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ شوہر اور چھوٹی بیٹی کی حالت تشویشناک ہے اور وہ ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ شیخ عبدالسعید نے بتایا کہ ان کے خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے وزارت خارجہ سے یہ اپیل کی ہے کہ وہ ان کا اور ان کی اہلیہ کا امریکی ویزا جو 2025 میں ختم ہوچکا ہے، کی فوری طور پر اجرائی میں مدد کرے تاکہ بہو ، پوتا ، پوتی کی تدفین اور بیٹے کی عیادت کیلئے بروقت امریکہ پہنچ سکیں۔ اسی دوران مجلس بچاؤ تحریک (ایم بی ٹی) کے ترجمان امجد اللہ خان خالد نے بھی متوفی خاندان کے مکان واقع سعید آباد پہنچ کر شیخ عبدالسعید اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں پرسہ دیا اور تفصیلات حاصل کرنے کے بعد وزارت خارجہ سے ان کے افراد خاندان کو فوری طور پر مناسب مدد پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ امریکی ویزا کے حصول میں مدد کرنے اور دیگر کارروائی میں سہولت فراہم کرنے کی بھی مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے۔عk/i