کے سی آر اور کے ٹی آر عوام سے معذرت خواہی کریں : اتم کمار ریڈی

   

کالیشورم پراجکٹ میں بھاری بے قاعدگیاں، کے ٹی آر کی تنقیدیں مسترد
حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ایم اتم کمار ریڈی نے بی آر ایس قائدین پر کالیشورم پراجکٹ کے بارے میں گمراہ کن پروپگنڈہ کا الزام عائد کیا۔ اُنھوں نے کے ٹی راما راؤ کی جانب سے کالیشورم ذخیرہ آب کو پمپنگ کے ذریعہ مکمل کرنے سے متعلق تجویز کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کے ٹی راما راؤ نے کالیشورم کے دورہ کے موقع پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اُنھوں نے کہاکہ کے ٹی آر کی جانب سے پیش کردہ تکنیکی بنیادوں پر قابل عمل نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی ہدایت پر کالیشورم کے گیٹس کی کشادگی عمل میں آئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ میڈی گڈہ، انارم اور سندیلڈہ بیاریجس کو بی آر ایس دور حکومت میں کافی نقصان ہوا ہے۔ تینوں ڈیمس کی مرمت کیلئے ڈیم سیفٹی اتھاریٹی سے تجاویز حاصل کی گئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ اور مختلف ڈیمس کے بارے میں ماہرین کی کمیٹی جائزہ لے رہی ہے۔ غیر معیاری کاموں کے نتیجہ میں بیاریجس کو نقصان پہنچا۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر کی زیرقیادت سابق حکومت نے کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی ہیں۔ پراجکٹ پر جملہ 147427 کروڑ خرچ کئے گئے جبکہ پراجکٹ 38500 کروڑ میں مکمل کیا جانا تھا۔ پراناہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے ڈیزائن کو تبدیل کرتے ہوئے کے سی آر نے کالیشورم کا منصوبہ بنایا۔ اُنھوں نے کہاکہ بے قاعدگیوں کی جانچ کے لئے جسٹس پی چندرگھوش کی قیادت میں تحقیقاتی کمیشن قائم کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں کانگریس کے ارکان اسمبلی کوکالیشورم کے معائنہ کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ اتم کمار ریڈی نے کے سی آر اور کے ٹی آر سے مطالبہ کیاکہ وہ پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کے لئے عوام سے معذرت خواہی کریں۔ 1