الیکشن کمیشن کے مکتوب میں فاش غلطی، ٹی آر ایس کی خاموشی موضوع بحث
حیدرآباد ۔9 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راو کو آندھراپردیش کا شہری بنادیا ۔ الیکشن کمیشن سے 8 ڈسمبر کو ٹی آر ایس سربراہ کو روانہ مکتوب میں کے سی آر کا رہائشی پتہ تو حیدرآباد درج کیا گیا لیکن ریاست تلنگانہ کی بجائے آندھراپردیش درج کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے ٹی آر ایس کا نام تبدیل کرکے بی آر ایس رکھنے کی منظوری دینے یہ مکتوب روانہ کیا ۔ کمیشن نے غلطی سے آندھراپردیش لکھ دیا یا پھر الیکشن کمیشن کو کے سی آر نے پارٹی کے نام کی تبدیلی کیلئے جو مکتوب روانہ کیا تھا ، اس میں تلنگانہ کی بجائے آندھراپردیش غلطی سے لکھ دیا گیا اس کی ابھی تک وضاحت نہیں ہوئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی آر ایس قائدین نے کے سی آر کے پتہ میں تلنگانہ کی بجائے آندھراپردیش درج کرنے پر کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ اتنا ہی نہیں کمیشن نے مکتوب کی نقل چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ کے ساتھ چیف الیکٹورل آفیسر آندھراپردیش کو بھی روانہ کی جبکہ آندھراپردیش سے اس مسئلہ کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ آندھرائی قائدین کی جانب سے تلنگانہ کے دوبارہ آندھراپردیش میں انضمام کے مطالبہ کے دوران کمیشن کا مکتوب سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ر