کے سی آر حکومت جاریہ معیاد کا آخری بجٹ پیش کرنے تیار

   

مختلف محکمہ جات سے بجٹ اور مطالبات زر کی تجاویز وصول ۔ نیا ٹیکس عائد نہ کرنے کا منصوبہ

حیدرآباد۔14جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ آئندہ ماہ اپنی جاریہ معیاد کا آخری بجٹ پیش کرنے کی تیاری کرچکی ہے ۔ کہاجار ہاہے کہ آئندہ بجٹ میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کے ساتھ فلاحی اسکیمات کے بجٹ میں بھی بھاری اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ حکومت سے ریاست کے تمام محکمہ جات کو 13 جنوری تک اپنی بجٹ تجاویز اور مطالبات زر پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی اور بیشتر محکمہ جات نے اپنے مطالبات زر و درکار بجٹ کی تجاویز روانہ کردی ہیں۔ حکومت کا اسمبلی انتخابات سے قبل یہ آخری بجٹ ہوگا اسی لئے حکومت نے ترقیاتی پراجکٹس کے علاوہ زرعی پراجکٹس اور مختلف طبقات کی اسکیمات کیلئے بھاری بجٹ کی تخصیص کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ سرکاری عہدیدار 2023-24بجٹ کو الیکشن بجٹ کے ساتھ فلاحی بجٹ کے طور پر دیکھ رہے ہیں ۔ حکومت کی ہدایات کے مطابق مختلف طبقات کی فلاح و بہبود کے اداروں کی تجویز میں محکمہ فینانس سے ترمیم کرکے اس میں اضافہ یا کمی کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بجٹ 2023-24 میں حکومت کے محکمہ فینانس کی جانب سے فلاحی اسکیمات ‘ صحت ‘ تعلیم اور زرعی سرگرمیوں کیلئے زیادہ بجٹ کی تخصیص عمل میں لائی جائے گی علاوہ ازیں مشن بھگیریتا اور مشن کاکتیہ کے علاوہ دیگر اسکیمات کیلئے اضافی بجٹ کی تخصیص نہیں ہوگی ۔ حکومت نے بجٹ کو کسی بھی طرح کے اضافی ٹیکس سے پاک رکھنے کی ہدایت دے رکھی ہے ۔ بجٹ 2022-23کے استعمال و اجرائی میں بھی مختلف محکمہ جات کی رپورٹ تیار کرلی گئی اور محکمہ فینانس سے خواہش کی جار ہی ہے کہ وہ جاریہ مالی سال کے بجٹ کی مکمل اجرائی کے اقدامات کو یقینی بنائے تاکہ آئندہ بجٹ اجلاس کے آغاز سے قبل محکمہ جات کو بجٹ کی قلت اور جاریہ مالی سال کے بجٹ میں تخفیف کا سامنا نہ کرنا پڑے کیونکہ جاریہ مالی سال کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے بجٹ کی اجرائی ناگزیر ہے۔بتایاجاتا ہے کہ 17 جنوری سے محکمہ فینانس کے عہدیدارمختلف محکمہ جات سے روانہ بجٹ تجاویز و منصوبوں کا جائزہ لے کر بجٹ کو قطعیت دینے کا عمل شروع کرینگے ۔ محکمہ فینانس عہدیداروں کے جائزہ اجلاسوں میں عہدیداروں کی جانب سے بجٹ تجاویز اور اسکیمات کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں سے مشاورت کریں گے۔م