معذرت خواہی کے بجائے عوام کو گمراہ کرنے کا بی آر ایس قائدین پر الزام ، اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔28فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں بھارت راشٹرسمیتی حکومت نے اپنے دور حکومت میں محض کمیشن کی وصولی کے لئے آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے ہیں اور ان پراجکٹس کی تکمیل کے لئے ریاستی حکومت کو 1لاکھ 47ہزار کروڑ درکار ہیں۔ ریاستی وزیر آبپاشی و سیول سپلائز کیپٹن اتم کمار ریڈی نے آج پریس کانفرنس کے دوران اس بات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس حکومت کی جانب سے جن پراجکٹس کا آغاز کیا گیا ہے ان پراجکٹس کو تکمیل کیا جانا باقی ہے۔انہوں نے کالیشورم پراجکٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجکٹ کے لئے 94 ہزار کروڑ خرچ کئے گئے اور 5سال کے دوران محض 160 ٹی ایم سی پانی کی سربراہی ممکن ہوسکی ہے جس میں 65 ٹی ایم سی پانی آبپاشی کے لئے استعمال کیا گیا۔کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس قائدین عوام سے معذرت خواہی کے بجائے انہیں گمراہ کرنے کا پروپگنڈہ چلا رہے ہیں اور حقائق کو عوام سے پوشیدہ رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد ہندستان کی تاریخ میں اس طرح کے کرپشن کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔انہو ںنے میدی گڈہ ‘ انارم اور سندیلا پراجکٹ میں پانی کا ذخیرہ نہ کر پانے کی وجوہات دریافت کرتے ہوئے بی آر ایس قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو بتائیں کہ ان ذخائر آب میں پانی جمع ہونے کیوں نہیںدیا جا رہاہے!ریاستی وزیر آبپاشی نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ان تینوں پراجکٹس کو ڈیم سیفٹی عہدیداروں کے حوالہ کیا ہے۔کیپٹن اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ بی آر ایس حکومت کے دور میں جتنے بھی پراجکٹس بنائے گئے ہیں ان کی ڈیٹیل پراجکٹ رپورٹ تک تیار نہیں کی گئی ۔ انہوں نے پرانہیتا۔چیوڑلہ پراجکٹ کو سابقہ حکومت کی جانب سے نظرانداز کئے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کی حکومت نے اس پراجکٹ کومکمل کرنے سے صرف اس لئے گریز کیا کیونکہ اس پراجکٹ کی تکمیل سے کانگریس کو فائدہ حاصل ہونے کا حکومت کو خدشہ تھا۔ انہو ںنے بتایا کہ اس پراجکٹ کے سلسلہ میں انجنیئرنگ شعبہ کی جانب سے تفصیلی رپورٹ پیش کئے جانے کے باوجود اسے نظرانداز کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ بی آر ایس اپنے دور میں ہوئی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی پردہ پوشی کے لئے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن کانگریس حکومت بی آ رایس کی جانب سے کی جانے والی تمام دھاندلیوں کو عوام کے درمیان لائے گی اور ان تمام آبپاشی پراجکٹس میں ہونے والی بدعنوانیوں اور دھاندلیوں کی تحقیقات کروائی جائیں گی۔ 3