کے سی آر حکومت کی ناکامیوں کیخلاف کانگریس کی چارج شیٹ

,

   

اقلیتی بجٹ اور اسکیمات میں ناانصافیاں، میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے اجلاس سے عمران پرتاپ گڑھی اور اتم کمار ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے اقلیتوں کی ترقی اور فلاح بہبود کو نظرانداز کرنے پر بی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کا اجلاس آج اندرا بھون میں منعقد ہوا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین اور رکن راجیہ سبھا عمران پرتاپ گڑھی، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، تلنگانہ پردیش کانگریس میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں بی آر ایس حکومت کے خلاف چارج شیٹ جاری کی گئی جس میں گذشتہ 9 برسوں کے دوران اقلیتی طبقات کے ساتھ ناانصافیوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ آڈیو ویِژول پریزنٹیشن کے ذریعہ اقلیتوں کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کی گئی۔ بی آر ایس حکومت جن شعبہ جات میں ناکام ہوئی ہے ان کا احاطہ کیا گیا۔ بیروزگاری، ہاوزنگ، تعلیم، اردو زبان کی ترقی، شادی مبارک، مذہبی مقامات کا تحفظ، جرائم کی شرح میں اضافہ، اوقافی جائیدادیں اور اقلیتی بہبود بجٹ جیسے امور میں اقلیتوں سے ناانصافی اور حکومت کی ناکامی کو پیش کیا گیا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں تقریباً 15 لاکھ بیروزگار نوجوان ہیں جنہیں قرض کی اجرائی اور روزگار کی فراہمی میں نظرانداز کیا گیا ہے۔ سدھیر کمیشن رپورٹ میں 43 فیصد مسلمانوں کو کرایہ کے مکانات میں قیام کی نشاندہی کی گئی لیکن حکومت کی جانب سے غریبوں کو امکنہ اراضی اور ڈبل بیڈ روم مکانات الاٹ نہیں کئے گئے۔ عمران پرتاپ گڑھی نے پارٹی کیڈر کو ہدایت دی کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں حکمت عملی کے ساتھ دستیاب وسائل کا استعمال کرتے ہوئے مقابلہ کریں۔ انہوں نے کرناٹک کی طرح رائے دہندوں سے رجوع ہوکر بی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے بی جے پی اور بی آر ایس پر فرقہ وارانہ سیاست کا الزام عائد کیا۔ رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ اقلیتی بہبود سے متعلق دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا۔ حکومت نے 9 برسوں میں 9166 کروڑ اقلیتی بہبود پر خرچ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ حکومت نے ہر سال مختص کردہ بجٹ مکمل جاری نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کہ 15980 کروڑ میں 6814 کروڑ خرچ نہیں کئے گئے۔ اتم کمار ریڈی نے شادی مبارک اور دیگر اسکیمات میں ناانصافی کا حوالہ دیا۔ شیخ عبداللہ سہیل نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں اقلیتوں کی حکمت عملی پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ 22 اسمبلی حلقہ جات جہاں مسلمانوں کی آبادی 10 فیصد سے زیادہ ہے وہاں گھر گھر مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو کانگریس سے قریب کرنے کیلئے مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ کانگریس پارٹی آئندہ الیکشن میں ’’صرف کانگریس‘‘ کے نعرہ کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ر