بی آر ایس کی سرگرمیوں میں وسعت کیلئے عنقریب چیف منسٹر کا دورہ
حیدرآباد ۔24 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کسان تنظیموں کے علاوہ بی سی ، ایس سی اور ایس ٹی طبقات کے نمائندوں نے حیدرآباد میں چیف منسٹر اور بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ ان قائدین نے اپنی ریاستوں میں بی آر ایس کی سرگرمیوں کو توسیع دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مختلف ریاستوں کے کسان قائدین سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی مخالف کسان پالیسیوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کو تمام طبقات کی تائید حاصل ہورہی ہے۔ کے سی آر نے کسان نمائندوں کو بتایاکہ وہ عنقریب مختلف ریاستوں کا دورہ کریں گے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ اس کے علاوہ پارٹی پرچم اور ایجنڈہ کو قطعیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیک وقت کئی ریاستوں میں بی آر ایس کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ کے سی آر نے ہم خیال قائدین اور دانشوروں کو پارٹی سے وابستہ ہونے کی دعوت دی ۔ اسی دوران آندھراپردیش کے کرشنا اور گنٹور اضلاع سے تعلق رکھنے والے کئی بی سی قائدین اور سیاستدانوں نے پرگتی بھون پہنچ کر کے سی آر سے ملاقات کی۔ سابق صدرنشین کرشنا ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو یونین جی رام کرشنا یادو کی قیادت میں مختلف بی سی تنظیموں کی نمائندوں نے آندھراپردیش میں بی آر ایس کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کے سی آر سے درخواست کی کہ انہیں بی آر ایس میں شامل کیا جائے۔ آندھراپردیش کے قائدین تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کی ستائش کی اور کہا کہ ملک بھر میں اسکیمات پر عمل آوری کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والوں میں کوٹیشور راؤ ، ملیشور راؤ ، ناگیشور راؤ ، آر انجن راؤ اور دوسرے شامل ہیں۔ر